لاہور(مرزا ندیم بیگ )سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں مختلف کیسوں میں 207 خواتین پابند سلاسل ہیں، ان میں سے اکثرکا تعلق منشیات فروشی سے ہے جبکہ دیگر کا تعلق مختلف نوعیت کے کیسوں سے ہے، ان میں سے 10 خواتین قیدیوں کے ساتھ بچے موجود ہیں ان میں سے دو خواتین ایسی بھی ہیں جن کے بچوں نے جیل میں جنم لیا، اس وقت مجموعی طور پر 11 بچے ہیں جن میں 6 لڑکے اور پانچ لڑکیاں ہیں، ان کو دی جانےو الی سہولیات اور دیگر معاملات کے بارے میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال نے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کیلئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی کاوشوں کے باعث بہت سہولیات دی گئی ہیں جس سے قیدی خواتین اور ان کے ساتھ رہنے والے بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ سنٹرل جیل میں خواتین کی الگ بارک ہے جہاں میل کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی ان کیلئے خواتین کا سٹاف موجود ہے ،خواتین قیدیوں کی خوراک اور طبی سہولیات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کسی ایمرجنسی کی صورت میں سپرنٹنڈنٹ کی اجازت سے جیل سے باہر ہسپتال بھی بھیجا جاتا ہے ،نادار اور مستحق خواتین اسیران کو بنیادی ضرورت کی اشیاءجن میں تیل ،صابن،شیمپو،ٹوتھ پیسٹ،کپڑے ،کمبل اور جوتے وغیرہ مفت فراہم کئے جاتے ہیں ،ایسی خواتین جو کہ شیر خوار بچوں کے ساتھ مقید ہیں ان کو روزانہ 467 ملی لیٹر دودھ مہیا کیا جاتا ہے جبکہ ایک سال یا اس سے زائد عمر کے شیر خوار بچوں کیلئے بھی اتنا ہی دودھ مہیا کیا جاتا ہے ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر نے مشرق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ خاتون کیلئے 700 ملی لیٹر دودھ اور بیمار خاتون اسیر کیلئے بھی 467 لیٹر دودھ مہیا کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور بچوں کو ہفتہ میں تین بار فروٹ بھی دیا جاتا ہے ،جیل میں بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹر قائم ہے، انکی تعلیم اور سپیشل ڈائٹ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ،ڈی آئی جی ہنر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے بھی آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی خصوصی کاوش کے باعث کئی پروگرام شروع کئے گئے جن میں سے بیوٹیشن کورس،سلائی کڑھائی سمیت مختلف کورسز کروائے جا رہے ہیں۔
خواتین اور بچوں کو جیل میں بہترین سہولیات میسر، ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں :ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر



















