راولپنڈی (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز نے افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور تمام 54 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 ، 26 اپریل اور 26، 27 اپریل کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان، افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارجوں کے گروپوں کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت مانیٹر کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مو¿ثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 54 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے، پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی نگرانی کے موثر انتظامات یقینی بنائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر مکمل طور پر تیار ہیں۔
افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام، 54 خوارج جہنم واصل



















