کراچی: (بیورورپورٹ) سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں،معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے،بھارت ماضی میں بھی بین الاقوامی دوروں اور اہم مواقع پر فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا آیا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اصل مظالم اور ناانصافیوں سے ہٹائی جا سکے۔
شرجیل میمن نے کہا صدر کلنٹن کے دورہ بھارت کے دوران بھی بھارت نے ایک فالس فلیگ آپریشن میں بے گناہ سکھوں کا خون بہایا،ایک بار پھر پہلگام میں وہی پرانی چال دہرائی جا رہی ہے، پاکستان دہشتگردی کےخلاف عالمی مہم کا سب سے موثر اور متحرک حصہ رہا ہے، پاکستان اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، بھارتی اقدام اخلاقی دیوالیہ پن کی علامت اور عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے، عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔
بھارتی اقدام خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے: شرجیل میمن

















