ون ڈے فارمیٹ میں گیندوں سے متعلق قانون میں تبدیلی پر غور شروع

لاہور (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایک روزہ فارمیٹ میں بیٹرز اور بولرز کے درمیان مقابلے میں توازن رکھنے کیلئے ایک اننگز میں دو مختلف اینڈز سے دو مختلف گیندوں کے استعمال کے قانون میں تبدیلی کے متعلق سوچنا شروع کر دیا۔ گزشتہ ہفتے ہرارے میں منعقد ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ میں ایک تجویز پیش کی گئی جس کے مطابق اننگز کے 35 ویں اوور کے بعد سے ایک گیند استعمال کی جائیگی۔ یہ تجویز سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی سربراہی میں کام کرنے والی آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی نے بورڈ کے سربراہان کو پیش کی۔ تجویز کے مطابق ہر اننگز شروع تو دو گیندوں کے ساتھ ہی ہو گی لیکن فیلڈنگ سائیڈ کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ 34 ویں اوور کے بعد باقی اوورز کیلئے دونوں میں کس گیند کا انتخاب کریں، جو گیند نہیں چنی جائے گی اس کو فاضل گیند کے طور پر رکھا جائیگا۔ کرکٹ کمیٹی نے گیند کی تبدیلی کیلئے 25 اوور بعد کا خیال پیش کیا تھا جس کو کمیٹی ممبران کی جانب سے ہی پذیرائی نہیں مل سکی۔ کرکٹ بورڈز اس ماہ کے آخر تک اس متعلق اپنی رائے پیش کریں گے اور اس قانون پر اتفاق ہونے کی صورت میں جولائی میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں اس کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔