لاہور (اپنے رپورٹر سے) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ غزہ لہو لہو مہم کے تحت ہفتہ یکجہتی فلسطینی کے دوران ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں پاکستانی قوم کی بھر پور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام کے دل اہل غزہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں،تاہم سوال یہ ہے کہ مسلم حکمران اہل غزہ کے بہتے لہو پر کب تک خاموش رہیں گے۔مرکزی مسلم لیگ کی فلسطینیوں کی حمایت میں تحریک جاری رہے گی۔ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے ہفتہ یکجہتی فلسطین کے دوران جس جرات، غیرت اور جذبے سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ قوم زندہ ہے، باضمیر ہے اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ میں پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دنیا کو بتا دیا کہ اہل غزہ تنہا نہیں تاہم مسلم دنیا کے حکمرانوں سے بھی سوال کیا جانا چاہئے کہ کیا انکے ضمیر بھی زندہ ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ صرف بیانات نہیں، عملی اقدامات کئے جائیں،مسلم حکمران کب تک خاموش تماشائی کا کردار ادا کریں گے۔ خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مسلم حکمرانوں کو صرف اپنی کرسیوں، اقتدار اور غیر ملکی آقاو¿ں کی خوشنودی کی فکر ہے، پاکستانی قوم نے ”غزہ لہو لہو“ مہم کے تحت جو تاریخ ساز بیداری دکھائی، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ کلمہ کے رشتے کو نبھا رہی ہے۔
احتجاج سے ثابت ہو گیاپاکستانی قوم اہل غزہ کیساتھ کھڑی ہے:خالد مسعود سندھو



















