شہباز IMFسے 3 سال میں 4 معاہدے کرنیوالے واحد وزیراعظم ہیں:پی ٹی آئی

پشاور ،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)پی ٹی آئی نے کہاہے طعنے دینے والے شہباز شریف آئی ایم ایف سے 3 سال میں 4 معاہدے کرنیوالے واحد وزیراعظم ہیں،سعودی عرب کے اتنے چکر لگا کر بھی کوئی ایک پراجیکٹ نہیں لائے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے پی ٹی آئی کو طعنے دینے والوں نے آئی ایم ایف کیساتھ 3 سالوں میں4 معاہدے کیے،صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا ہے آپ ہمیں بار بار بارودی سرنگوں کے طعنے دے رہے تھے، 8 فروری کے بعد ہی بارودی سرنگیں بچھائی ہوں گی، بلاول بھٹو صاحب کہہ رہے تھے یہ پی ٹی آئی نہیں، پی ٹی آئی آئی ایم ایف ہے۔

مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم نے کہا جیب میں پیسے ہوں تو مہنگی چیز بھی سستی لگتی ، 2 سالوں میں ہر چیز کی قیمت بڑھی، زراعت میں منفی گروتھ ہوئی، پاکستان کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ، لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، یہ کونسی معاشی ترقی ہو رہی ہے؟۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے مزید کہا پی ٹی آئی کسان اتحاد کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے، کسانوں کا استحصال کسی صورت قابل قبول نہیں، ہمیشہ کسانوں کو ترجیح دی،حکومت کسان اتحاد کے جائز مطالبات کو فوری تسلیم کرے۔