ریلوے سٹرٹیجک اثاثہ ، نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:حنیف عباسی

لاہور (اپنے نمائندے سے) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے سٹرٹیجک اثاثہ ہے، نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ریلوے میں انوسٹمنٹ لانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹاﺅں گا اور پنشن وفاق کے حوالے کرنے کیلئے حکومت سے بات کروں گا، دو سال تک 15انجنوں کو جدید ترین بنایا جائیگا، سارے شعبوں کو ٹارگٹ دے رہا ہوں، پورے کرنے ہوں گے۔ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین، سی ای او ریلوے سمیت اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ اجلاس میں شعبہ مکینیکل و الیکٹریکل انجینئرنگ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر ریلوے نے فنی خرابی کے حامل انجنوں کی مرمت کا ورکنگ پلان مانگ لیا۔نا قابل استعمال انجنوں کی آکشن کرنے کیلئے قانونی رائے لی جائیگی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں کم از کم 3انجن ٹھیک کر کے سسٹم میں شامل کئے جائیں، پرفارمنس گارنٹی کے بغیر کسی فرم کو ٹرین نہ دی جائے۔ انہوں نے ہر ڈویژن میں ریلیف ٹرین کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں انوسٹمنٹ لانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹاﺅں گا، دو سال تک 15انجنوں کو جدید ترین بنایا جائے گا۔سارے شعبوں کو ٹارگٹ دے رہا ہوں، پورے کرنے ہوں گے،ناکامی پر ذمہ داران کو گھر بھیجیں گے۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے سٹرٹیجک اثاثہ ہے، اس کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پنشن وفاق کے حوالے کرنے کیلئے حکومت سے بات کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ افسران، وزیر اعلی پنجاب کی تجاوزات کے خلاف مہم سے سبق لیں۔اجلاس میں ریلوے سپورٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ فٹ بال، ہاکی، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی ماڈل پر ریلوے سکولوں میں اصلاحات کریں گے، تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے ریلوے سکول آﺅٹ سورس کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے چھانگا مانگا ٹورسٹ ٹرین کو بحال کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ٹیکسلا، چھانگا مانگا سمیت چار مقامات پر ٹورسٹ ٹرینیں چلانے کی تجاویز پر گفتگو کی گئی ۔ وزیر اعلی پنجاب کی منظوری پر ٹورسٹ ٹرینیں حکومت پنجاب کے تعاون سے چلائی جائیں گی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ اداروں میں بہتری لانے کیلئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔صوبائی وزیر نے وزیر ریلوے سے قصور میں ریلوے زمینوں پر تجاوزات کیخلاف ایکشن لینے کی درخواست کی وزیر ریلوے نے قصور، کوٹ رادھا کشن، کنگن پور، کھڈیاں میں فوری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرنے کی ہدایت کی ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی گورننس میں کارکردگی مثالی ہے، ڈویژنل افسر پنجاب کی طرز پر تجاوزات کے خلاف مہم چلائیں،انتظامیہ ستھرا پنجاب ماڈل پر ستھرا ریلوے ڈیزائن کرے، پاکستان میں پرفارمنس بیسڈ سیاست ہونی چاہیے، ہم پرفارم کر کے بتائیں گے کہ کیسے ادارے ترقی کرتے ہیں۔ ہم سے مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔وزیر ریلوے نے صوبائی وزیر کو پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کے نفاذ پر سراہا۔