ٹیرف پر امریکہ سے مذاکرات کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی ،ورکنگ گروپ تشکیل

اسلام آباد:( بیورورپورٹ)پاکستانی مصنوعات پر 29فیصد امریکی ٹیرف پر موثر حکومتی حکمت عملی تیار ،وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کر دیاجو امریکہ کے ساتھ اضافی ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کرے گا۔

وزیر خزانہ اورنگزیب 12رکنی سٹیئرنگ کمیٹی ،سیکرٹری تجارت جواد پال کو ورکنگ گروپ کا کنونیئر مقرر کردیا گیا،سٹیئرنگ کمیٹی ٹیرف معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی، 19رکنی ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکرٹریز، کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں،وزیراعظم کو امریکی ٹیرف کے معاملے پر پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ممبران میں وفاقی وزرا تجارت و پٹرولیم ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خارجہ، امریکہ میں پاکستان کے سفیر، ڈبلیو ٹی او میں نمائندے ، ڈاکٹر اعجاز نبی، منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ واشنگٹن، سیکرٹری تجارت شامل ہیں،سٹیئرنگ کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس بھی جاری کر دیئے گئے ، دستاویز کے مطابق ورکنگ گروپ امریکی ٹیرف کا تجزیہ کر کے سفارشات مرتب کرے گا، امریکی اضافی ٹیرف سے پاکستانی مصنوعات پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائےگا، ورکنگ گروپ بدلتے عالمی تجارتی حالات میں دستیاب مواقع کا بھی تجزیہ کرےگا۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں سال پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی ہونے اور ہزاروں پاکستانیوں کے پرائیویٹ کوٹے سے محروم ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کےلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر کے3روز میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دےدیا،کمیٹی چیئرمین سیکرٹری کابینہ ڈویژن ہوں گے دیگر اراکین میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور وفاقی سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہیں


مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج2025پرجائزہ اجلاس ہو ا ،شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کیلئے استعمال ہونےوالے ادائیگی طریقہ کار کو دیگر سرکاری سکیموں میں بھی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہارمضان ریلیف پیکیج کے دوران موصول شکایات کو آئندہ لائحہ عمل بناتے ہوئے مدنظر رکھا جائے،وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کےلئے کام کرنے والی حکومتی ٹیم ، معاون اداروں کی بہترین کاکردگی کو قابل ستائش قرا رہوتے کہا پہلی بار ڈیجیٹل والٹ متعارف کرایا گیا،نہایت شفاف و سہل طریقہ کار سے رقوم پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مستحقین تک پہنچیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے میانمار کے سفارت خانے کا دورہ کیا اورسفیر ونا بان سے ملاقات کرکے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر اظہار ہمدردی ، یکجہتی کیا،شہباز شریف نے کہا میانمار میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی ، متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے دعا گو ہیں،خیموں، ادویات و دیگر امدادی سامان پر مشتمل 35ٹن کی کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے بھجوا دی،حسب ضرورت مزید سامان بھی بھجوایا جا رہا ہے، پاکستان میانمار کیلئے مشکل کی گھڑی میں ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔

میانمار کے سفیر نے وزیراعظم کی سفارت خانے آمد اور حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاپاکستان ، میانمار دوست ممالک ہیں ،مشکل گھڑی میں پاکستان کے تعاون پر میانمار کی قوم آپ کی مشکور ہے۔