بجلی قیمتوں میں نمایاں کمی سے ملکی انڈسٹری کی بحالی کا سفر شروع ہوجائیگا :ساہیوال چیمبر

ساہیوال (بےورو رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں بڑی کمی کا اعلان، ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عظمت سلیم کا خیر مقدم، وزیراعظم کا اعلان ملک کی صنعتی ترقی میں مہمیز ثابت ہوگا، بجلی کے ہوشربا نرخوں سے انڈسٹری بند ہو رہی تھی جو اب بحالی کا سفر شروع کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں 7روپے 59 پیسے کے بڑے ریلیف پر ان کا شکریہ، اپنے دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز میں ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ عظمت سلیم نے کہا کہ حکومت نے ملک کی صنعت کو بحال کر نے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اسے صنعت کار طبقہ قدر کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ شرح سود 22فیصد سے 12 فیصد تک کم کرنا اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی جیسے اقدامات موجودہ حکومت کی صنعتی ترقی کی بحالی میں سنجیدگی کا مظہر ہے اور کاروباری طبقہ ان مقاصد کے حصول میں حکومت کا بھر پور ساتھ دے گا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران موجودہ حکومت نے جس محنت اور حب الوطنی سے ملک کو در پیش مسائل حل کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی مثال پاکستان کی حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔شیخ عظمت سلیم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود بجلی میں اتنا بڑا ریلیف ایک تاریخی قدم ہے جسے سراہا جانا چا ہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال چیمبر بجلی چوری روکنے کے وزیر اعظم کے اعلان کا بھی خیرمقدم کرتا ہے اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت صنعتکاروں کے دیگر مسائل کے حل میں اسی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی جس سے صنعتوں کا پہیہ چلے گا اور ملک سے بے روزگاری ختم ہوگی۔