عید پر شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کی۔ نماز عید الفطر کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اظہر اکرم، آئی جی موٹر وے راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل ائی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی /سی ٹی او ٹریفک اطہر وحید، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ڈی ائی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، ایس ایس پیز، ایس پیز سمیت ریٹائرڈ و حاضر سروس اعلیٰ پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ نماز عید الفطر کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا پولیس کی یادگار پر سلامی دی۔ آئی جی پنجاب نے یاد گار شہداءپولیس پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کیلئے پنجاب پولیس کے جوانوں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ شہداءپولیس کی بے پایاں قربانیوں کی وجہ سے ہی آج ہم امن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید الفطر پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ پنجاب پولیس عبادت گاہوں، اہم مقامات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے عید الفطر کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب پولیس کمیونی کیشن افسران و سٹاف سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے سیف سٹیز اتھارٹی کے سٹاف و افسران میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوسروں کی خوشیوں کی خاطر اپنی خوشیوں کو قربان کرنے والے فورس کے ہرجوان کو میرا سلام ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی پرموجود عملے کا جذبہ اور فرض شناسی قابل تعریف ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سیف سٹیز سٹاف و پولیس کیمونیکشن افسران شہرکو محفوظ بنانے میں مصروف عمل ہیں اور اپنے پیاروں سے دورعید منانے والے افسران کے عزم کو سراہتے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہر بھر میں نصب سیف سٹی کیمروں سے 24 گھنٹے نگرانی کا عمل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے تمام بڑے شہروں کو سیف سٹی بنایا جارہا اور اس کا دائرہ کار 140 تحصیلوں تک بڑھایا جائے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹس کی توسیع سے ملازمت اور ترقی کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نماز عید کے بعد سی سی پی او اور سی ٹی او لاہور کے ہمراہ فیلڈ میں گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے پولیس کے جوانوں کو گلے لگایا، عید ملے اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ سی سی پی او اور سی ٹی او نے بھی اس موقع پر جوانوں میں مٹھائی تقسیم کی اور عید مبارک کہا۔ آئی جی پنجاب نے رمضان المبارک اور چاند رات پر بہترین ڈیوٹی سر انجام دینے پر پولیس فورس کو شاباش بھی دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس سمیت پولیس کے تمام ونگز مبارکبار کے مستحق ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈنز کو عید کے دن سڑک پر مستعدی سے ڈیوٹی کرنے پر شاباش دی۔