حج و عمرہ زائرین پر سعودی قوانین پر مکمل عملدرآمد لازم ہے: علما کونسل

لاہور (اپنے نمائندے سے) حج و عمرہ زائرین پر لازم ہے کہ وہ سعودی عرب کے قوانین پر عمل کریں ، مملکت سعودی عرب جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور ایک وقت میں لاکھوں زائرین کی خدمت کر رہی ہو تی ہے اس کے تمام اداروں کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ سعودی عرب میں اللہ کے آئے ہوئے مہمانوں کی بھرپور خدمت کر سکیں۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل و صدر دارالافتا پاکستان طاہر اشرفی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا قاسم قاسمی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی ، مولانا طاہرعقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا اشفاق پتافی ، مولانا عبد الحکیم اطہر ، مولانا مبشر رحیمی ، مفتی عمر فاروق ، مولانا زبیر کھٹانہ و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا حج و عمرہ زائرین پر لازم ہے کہ وہ سعودی عرب کے قوانین اور ضابطوں پر عمل کریں ۔ حالیہ ایام میں متعدد مرتبہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ ، علما و مشائخ اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ حرمین شریفین میں رش ہونے کی وجہ سے آنے والے اللہ کے مہمان اپنی اپنی جگہوں پر نماز ادا کر لیں اور شرعی طور پر یہ بات درست ہے کہ حرم شریف کی حدود میں جہاں پر بھی نماز ادا کی جائیگی، اس کا ثواب ایک لاکھ نماز کے برابر ہو گا۔گذشتہ روز ایک خاتون کی طرف سے سعودی عرب کی سلامتی کے ادارے کے ایک نوجوان کو مارنا انتہائی افسوسناک عمل ہے اور اسی طرح بعض لوگوں کی طرف سے حرم شریف اور مسجد نبوی ؓ کے اندر کپڑوں کو دھونا اور کپڑوں کو لٹکانا اور حرم شریف میں کپڑے بدلنا اور صرف طواف کیلئے احرام باندھنا یہ سب وہ عمل ہیں جو سعودی عرب کے قوانین کے خلاف ہیں۔ اگر سعودی عرب کی حکومت اس پر ایکشن لیتی ہے تو وہ حق بجانب ہو گی۔انتہائی افسوس کے ساتھ یہ بات کہنی پڑ رہی ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض پاکستانی زائرین کی طرف سے جس طرح سعودی عرب کی تعلیمات کی مخالفت کی گئی ہے اور حرم شریف کے احترام کو مدنظر نہیں رکھا گیا ہے، وہ قابل افسوس بھی ہے اور پاکستان کے عمرہ و حج زائرین کیلئے مشکلات کا سبب بھی بن رہا ہے ۔خدارا حرمین شریفین کا احترام اور مملکت سعودی عرب کے قوانین کو ملحوظ خاطر رکھیں اورہر اس کام سے اجتناب کریں جس سے سعودی عرب کے ادارے ، علما و مشائخ اور ریاست حرمین شریفین آپ کو منع کر رہی ہے ۔