1990سے 2002 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ غائب،پی اے سی میں انکشاف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آڈٹ حکام نے پی اے سی میں انکشاف کیا ہے 1990سے 2002 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ نہیں ملا،پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی جنید اکبر کی زیر صدارت شروع ہوا،کابینہ ،پٹرولیم ڈویژن کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ ڈویژن کی آڈٹ رپورٹ میں 3ارب سے زائد بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی، کابینہ ڈویژن کی محکمانہ اکاونٹس کمیٹی جوائنٹ سیکرٹری کی زیر صدارت کرانے کے معاملے میں پی اے سی کی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سرزنش کی گئی،توشہ خانہ کی خصوصی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

آڈٹ حکام نے انکشاف کیا توشہ خانہ قواعد میں 2001 سے 2018 تک کابینہ کی منظوری کے بغیر ترامیم کی گئیں،سیکرٹری کابینہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا توشہ خانہ رولز میں وقتاً فوقتاً کابینہ کی منظوری کے بغیر ترامیم کی گئیں، وزیر اعظم کیلئے رولز میں نرمی رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی،رولز کابینہ کے سوا کوئی اور نہیں بنا سکتا،چیئرمین پی اے سی نے کہا بار بار توشہ خانہ کے رولز میں ترمیم کی ضرورت کیوں پڑی؟ ۔

سیکرٹری کابینہ نے کہا پہلے توشہ خانہ کے تحائف 30 فیصد ویلیو دے کر حاصل کیے جاسکتے تھے، بعد میں تحائف کی 50 فیصد ویلیو دینے پر ترمیم کی گئی، اب تحائف کی 100 فیصد ویلیو قیمت کیلئے رولز میں ترمیم تجویز ہے، توشہ خانہ ایکٹ 2024 بن گیا رولز جلد کابینہ سے منظور کرائے جائیں گے،پی اے سی نے توشہ خانہ تحائف کی تمام نیلامیوں کی تفصیلات ،1947 سے اب تک کا ریکارڈ طلب کرلیا۔