کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں، پی پی کی سندھ کونسل میں قرارداد منظور

کراچی:(بیورورپورٹ) کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں،،وفاقی حکومت دستبرداری کا اعلان کرے ،پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاوس میں ہونےوالے اجلاس میںصوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں سمیت اراکین پارلیمان اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔

پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل نے دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے قرارداد میں کہا پیپلز پارٹی ارسا اور وفاق سے مطالبہ کرتی ہے پانی کے 1991 معاہدے کوپیرا ٹو کے تحت یقینی بنا کر سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جائے،اجلاس میں جعفر ایکسپریس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بہادری سے شکست دینے پر سکیورٹی فورسز اور پاک فوج کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا شہید ذوالفقار بھٹو کے یوم شہادت پر ملک بھر کے عوام گڑھی خدابخش بھٹو کے جلسے میں شرکت کرکے بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے،پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر نئے کینالوں کےخلاف ہے اور پارٹی شروع سے ہی منصوبے کےخلاف بھرپور آواز اٹھاتی آ رہی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کا منصوبہ ہے ،سندھ کو کسی کینال کا منصوبہ قبول نہیں ،وفاقی حکومت 6 کینالوں کے منصوبے سے دست برداری کا اعلان کرے اور سندھ کی آواز کو سننے کےلئے سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا سندھ کو انڈس رور سسٹم سے نیا کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں، سسٹم میں پہلے ہی پانی کی سخت کمی ہے تو کینالوں میں پانی کہاں سے لایا جائے گا۔