مسلح جتھے ریاست پر حملہ کردیں تو پھر کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں: ملک احمد خان

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ جب مسلح جتھے ریاست پاکستان پر حملہ کردیں گے تو پھر ان کے خلاف کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا، پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانے والا بھارت خود ایک دہشت گرد ملک ہے، بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی سے پاکستانیوں کے حوصلہ نہیں ٹوٹیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان سے ہی کلبھوشن یادیو پکڑا گیا ،ہم جیسے لوگ جو خطے میں باہمی تعاون و امن پر یقین رکھتے ہیں جب وہ شواہد کے ساتھ بھارتی دراندازی دیکھتے ہیں تو بھارت کامقدمہ کمزور ہوتاہے، بھارت دنیا میں جومقدمہ ہمارے خلاف لئے پھر رہا ہے، حالیہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے واقعات سے وہ مقدمہ کمزورہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل ہیں جو لوگوں کو ڈھال بناکر حملہ کرتے ہیں، بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی سے پاکستانیوں کے حوصلہ نہیں ٹوٹیں گے، ایک ملک کی حمایت سے علیحدگی پسندوں کا معصوم شہریوں پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا، بلوچستان میں ٹرین پر دہشت گردوں کا حملہ جنگ کی ایک قسم ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاک افواج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جس طریقے سے انہوں نے دہشت گردوں کا واصل جہنم کیا، دہشت گردی کے واقعہ میں جو لوگ شہید ہوئے ان کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہماری ملٹری فورسز دنیا کی بہترین فورسز ہیں اور اس طرح کی بھارتی دہشت گردی سے بھرپور انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی حقوق دینے میں اگرچہ کچھ غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن بلوچستان میں دہشت گردوں کے ساتھی کوئی اپنے لوگ نہیں ہیں ،چند مٹھی بھر دہشت گرد جو بھارتی فنڈنگ کے ذریعے حملے کرتے ہیں ان سے کیسے بات کریں، کسی بھی مسئلے کا حل ڈائیلاگ ہوتا ہے لیکن جب کوئی طاقت کی زبان استعمال کرتا ہے تو پھر یہ لڑائی ہے۔دریں اثناءاقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے زیر اہتمام ”ڈیجیٹل جمہوریت میں عمل“ کے عنوان سے ایک اہم تربیتی سیشن کا کامیاب انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ اس سیشن میں پنجاب اسمبلی کے معزز اراکین نے شرکت کی، جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور تربیتی سیشن کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جمہوریت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ان پلیٹ فارمز پر غلط معلومات اور گمراہ کن مواد جمہوری اقدار کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ فیکٹ چیکنگ، ذمہ دار ڈیجیٹل گورننس اور پلیٹ فارم کی جوابدہی ناگزیر ہے تاکہ غلط معلومات کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی ڈیجیٹل غلط معلومات کے خلاف مو¿ثر اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔ آزادی اظہار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مگر غلط معلومات کی روک تھام بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ جمہوری اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔آخر میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے یو این ڈی پی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات جمہوریت کے فروغ اور ڈیجیٹل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیتی ہیں۔