اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملکی معیشت درست سمت گامزن ،شرح سود ، مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ،کاروباری برادری ملک کا اثاثہ ہے، معیشت کا پہیہ یہیں سے چلے گا۔
ملکی کاروباری شخصیات کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،شرکا نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہاراورسازگار ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف نے کہاآپ سب کی آمد کا خیر مقدم کرتا ہوں،مخلص و دیانتدار کاروباری برادری قیمتی اثاثہ ہے، آپ سب نے مشکل وقت میں بھی ملکی صنعتی و معاشی ترقی کےلئے اپنا سرمایہ ملک میں لگایا،کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ چلا، لوگوں کو روزگار ملا،آپ کی مشاورت ، مفید آرا سے بہتری اور تمام شعبوں میں اصلاحات کا سفر جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہاحکومت کاروباری سرگرمیوں ،سرمایہ کاری کےلئے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے،سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے،آپ سے مشاورت کا مقصد معاشی ترقی میں تیزی لانا ہے، بیرون ملک تعینات ٹریڈ افسروںکو تجارت و برآمدت کے فروغ کیلئے واضح اہداف دے دئیے۔
شہباز شریف نے کہافیصلہ کیا ہے تواتر سے تاجر دوستوں سے ملوں گا تا کہ آپ کی بات سنوں،تاجر برادری نے ملک کو آگے لےکر چلنا ہے، میکروانڈیکیٹر بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اگر ملک کے سرمایہ کار انویسٹمنٹ کریں گے تو پھر باہر سے انویسٹمنٹ آئے گی، معیشت کے پہیے کو آپ نے گھمانا ہے،چاول کی ایکسپورٹ میں 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ، چین نے 2005 میں چاول کی کریڈنگ پر لیبارٹری کیلئے گرانٹ دی، بدقسمتی سے گرانٹ سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا،حکومت میں جہاں جس کی غلطی ہوگی جوابدہ بنایا جائے گا، آئندہ جمعرات سے ہر شعبے کا جائزہ اجلاس میرے دفتر میں ہوگا، اجلاس میں متعلقہ وزرا، سیکرٹری اور متعلقہ شعبے کے 4 افراد بھی شرکت کریں گے،شعبہ جات کا جائزہ اجلاس ہفتے میں 2مرتبہ ہوگا، آئندہ جمعرات کو ہونیوالے پہلے اجلاس میں زرعی شعبے کا جائزہ لیا جائے گا، خود بھی اپنے آفس میں سیکٹرز وائس میٹنگز کروں گا۔
شرکا نے گرین پاکستان انیشی ایٹیو کی تعریف کرتے ہوئے کہاحکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی آئی ٹی کی صنعت دنیا میں تیزی سے اپنا مقام بنا رہی ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ ، وزیراعظم لی کیانگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورقومی عوامی کانگریس و چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت ، قوم کو مبارکباد دی، وزیراعظم نے پاکستان ، چین کے دوطرفہ سٹریٹجک تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار،تمام بنیادی مسائل پر پاکستان کی دیرینہ و مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا، دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی و انسداد دہشتگردی تعاون پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہادونوں ممالک آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں، رواںسال صدر شی جن پنگ کے 2015 میں پاکستان کے تاریخی دورے کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے یادگار موقع کو شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کیلئے دعوت کی تجدید بھی کی،وزیراعظم نے سی پیک کے تحت مختلف اقدامات، منصوبوں کے بروقت نفاذ و تکمیل کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا،چینی سفیر نے چینی قیادت کےلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک چین دوطرفہ تعاون کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
چینی سفیر نے ملک میں میکرو اکنامک صورتحال کو بہتر بنانے میں حکومتی کامیابیوں کو سراہا اور کہا چین پاکستان کی قومی ترقی کی کوششوں میں اپنی مکمل حمایت و تعاون جاری رکھے گا۔
مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے کپاس کی کم ہوتی پیداوار کا نوٹس لیتے ہوئے15 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ،کمیٹی فصل کی بحالی کےلئے 30 دن میں اقدامات کی سفارش کرے گی،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر کو کمیٹی کا کنونیئر نامزد کردیاگیا۔
پاک چین آل ویدر سٹرٹیجک پارٹنرشپ نئی بلندیوں تک پہنچائینگے،وزیراعظم



















