20 ارب کا رمضان ریلیف پیکیج ،ایسی قبر کھو دیں گے دہشتگردی کا ناسور سر نہیں اٹھائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب کے رمضان ریلیف پیکیج کا افتتاح کردیا۔

پیکیج 2024کے 7 ارب کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہے ، ملک بھر کے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو شفاف ، آسان انداز میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے،شہبازشریف نے بٹن دبا کر ڈیجیٹل والٹ کا افتتاح کیا،تقریب میں وفاقی وزرا،گورنرسٹیٹ بینک و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،رمضان پیکیج2025پرخصوصی دستاویزی فلم ،وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے تعارفی ویڈیوبھی دکھائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاماہ صیام میں 40 لاکھ گھرانوں اور 2 کروڑ مستحق افراد کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے دئیے جائیں گے،کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے والوں کی مدد جائے گی،رواں سال تقریبا ً20 ارب کی خطیر رقم مختص کردی،ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف طریقے سے ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں 20 ارب تقسیم کر دیئے جائیں گے ، ایک دھیلے کی کرپشن کا شائبہ نہیں ہوگا،ملک کے چاروں اطراف شفاف نظام کے ذریعے پیکیج تقسیم ہوگا،مکمل نگرانی ہوگی۔

شہبازشریف نے کہاپروگرام میں تکنیکی مدد فراہم کرنے پر سٹیٹ بینک ، نادرا ، بی آئی ایس پی ، وزارتوں ،ٹیک کمپنیز اور بین الاقوامی ماہرین کا شکریہ اداکرتا ہوں ،دن رات محنت کے ذریعے نظام متعارف کرایا گیا،رمضان پیکیج مستحق افراد تک پہنچے گا۔

وزیراعظم نے مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مولانا حامدالحق و دیگر افراد کی شہادت پردلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہاحامد الحق کا مدرسہ دینی تعلیمات کیلئے اعلیٰ مقام رکھتا ہے،کے پی حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کےخلاف کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دے گی،2018 میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو چکاتھا،80 ہزار سے زائد شہریوں ، افواج پاکستان کے جوانوں، افسروں ، عام شہریوں نے شہادتیں دیں لیکن حالیہ دنوں میں دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھالیا ، وجوہات کا سب کو پتہ ہے، فی الحال تفصیل میں جانا نہیں چاہتا۔

شہبازشریف نے کہا ماہ رمضان کی برکت ، 24 کروڑ عوام کی دعاﺅں ،مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کے طفیل ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا ،ناسور کو دوباہ دفن کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ایسی قبر کھو دینگے دہشتگردی کا ناسور دوبارہ سر نہیں اٹھائے گا۔

وزیراعظم نے کہاکئی 100ارب کے محصولات کیسز زیر التوا کیسز ہیں ،کرپشن کے ذریعے غریبوں کا پیسہ لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں،روپے اور ڈالر کی قدر میں بہت فرق آ گیا تھا،ملوث عناصر کےخلاف کارروائی کی تو لوگ عدالتوں سے حکم امتناعی لے آئے،مشکل چیلنج پر قابو پانے کیلئے نیا نظام بنایا ،نئے قانون کے تحت 500ارب واپس لانے کا ہدف مقرر کردیا،شروعات سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی ختم کرنے سے ہو گئی،ایک دن میں 23 ارب بینکوں میں واپس لانے پرگورنر سٹیٹ بینک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،چیئرمین ایف بی آر و دیگر اداروں کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔