بجلی قیمتیں کم نہ ہوئیں تو رمضان کے بعداحتجاجی تحریک شروع کرینگے: حافظ نعیم الرحمن

لاہو ر: (اپنے نمائندے سے)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں امیرکراچی منعم ظفرخان و دیگر رہنماوں کےساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا حکومت نے بجلی کی قیمتیں کم،ناجائز ٹیکسز ختم اور عوام کو بجلی بلوں میں حقیقی ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی رمضان المبارک کے بعد ملک بھر میں زبردست احتجاجی تحریک شروع کرے گی، گورنر ہاوسز،وزیر اعلیٰ ہاوسز کے گھیراو ہوں گے،سڑکوں پر بھی بیٹھیں گے اورلانگ مارچ بھی کرینگے ، جب تک بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں کی جائے گی ہم تحریک کا مومینٹم بڑھاتے رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاوزیر اعظم بتائیں آئی پی پیز مافیا ز کے نظر ثانی شدہ معاہدوں سے ہونے والے 1000 ارب روپے کا فائدہ عوام کو کیوں نہیں پہنچایا جارہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ کمی کیوں نہیں جارہی،جب تک بجلی کے فی یونٹ میں قیمت کم نہیں ہوگی انڈسٹری آگے بڑھ سکے گی نہ ہی عام شہری کے حالات بدلیں گے،وزراءاور مشیر جو پہلے موجود ہیں انہوں نے ملک اور عوام کےلئے کیا کیا جو اب مزید وزراءکی فوج ظفر موج بھرتی کرلی گئی ہے،ہمارا واضح مطالبہ ہے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے،بلوں میں موجود تمام ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا پیپلزپارٹی کی 17سالہ صوبائی حکومت کرپشن اور نااہلی کا دوسرانام ہے، رمضان المبارک کے بعد جماعت اسلامی،کراچی کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک بڑا ملین مارچ کرے گی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مسلسل نورا کشتی میں لگے ہوئے ہیں عوام کے مسائل سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔

مزید بر آں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا حامد الحق کی دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونےوالے خودکش دھماکے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کےلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔