سعودیہ سمیت خلیجی ممالک میں رمضان کاآغاز،پاکستان میں پہلار وزہ اتوار کو ہوگا

ریاض،پشاور:(نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان کاآغاز،پاکستان میں چاند نظر نہیں آیا،پہلا روزہ اتوار کو ہوگا۔

سعودی میڈیا کے مطابق رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مکہ، مدینہ، تبوک،سدیر سمیت دیگرشہروں کی آبزرویٹری میں اجلاس ہوئے ،محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین نے شرکت کی،چاندسدیر ، تمیر میں نظر آیا،سعودی سپریم کورٹ نے بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی تصدیق کردی ،شاہی دیوان نے فرمان جاری کردیا

دوسری جانب پاکستان میںرمضان المبارک 1446ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں ہوا، کمیٹی اراکین، محکمہ موسمیات، سپارکو اور دوسرے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی،مختلف شہروں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے، ملک کے کسی بھی حصے سے چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا پورے ملک میں مطلع ابر آلود رہا ،کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم رمضان المبارک 1446ءہجری 2مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔