راولپنڈی،واشک ،کراچی،ٹریفک حادثات نے18افراد کی جان لے لی

راولپنڈی،واشک ،کراچی:(بیورورپورٹ)راولپنڈی،ایبٹ آباد،واشک ،کراچی میں ٹریفک حادثات نے 20افراد کی جان لے لی۔

سوات جانے والی مسافر بس موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب کھائی میں جاگری،بچی ،خاتون سمیت 8افراد جاں بحق ، 15 زخمی ہوگئے،بس میں 43 مسافر سوار تھے،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر روات میں چیک بیلی روڈ پر کار ، ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں 4 افراد چل بسے،مرنے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا بلوچستان کے شہر واشک میں بسیمہ پتک کے مقام پر 3 تیل بردار گاڑیوں میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی،5افراد جھلس کر جان سے گئے،ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پاکر لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا،جاں بحق افراد کا تعلق مستونگ ، کوئٹہ سے ہے، حادثہ روڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔

مزید برآں کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر ایک اور شہری کی جان نگل گیا، یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ،دوسرا شدید زخمی ہوگیا،مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی،اتحاد ٹاون تھانے کی حدود بلدیہ قائم خانی کالونی میں مسافر مزدا کی ٹکر سے 10 سالہ راہگیر بچہ جان کی بازی ہار گیا،مشتعل شہریوں نے مزدا جلانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔