عوامی رابطہ مہم تیز،ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھی جا ئے:نوازشریف

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کےلئے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک ہوگئے،ماڈل ٹاﺅن میں احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، انوشہ رحمن، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ملاقاتیں کیں،صوبائی سطح کے پارٹی معاملات ،عید کے بعد مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی،نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا،احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر بریفنگ دی۔

قائد ن لیگ نے پارٹی کو فعال کرنے کےلئے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ن لیگ کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے،ذرائع کے مطابق ملاقات میں گلگت بلتستان انتخابات پر پارٹی پوزیشن پر بھی تبادلہ خیال ہوا،صوبائی رہنماﺅں نے نواز شریف کو کے پی کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا پاکستان کو سیاسی نہیں ، معاشی لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے،بانی پی ٹی آئی قومی مجرم ہیں ،پارٹی عمران خان کو ہٹا کر ایماندار قیادت سامنے لائے،اپوزیشن ملکی ترقی کی وجہ سے پریشان ہے حالات اب یہ ہو گئے اپوزیشن خالی کرسیوں کےساتھ کانفرنس کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے لندن سے ملنے والا چوری کا پیسہ چور کے اکاﺅنٹ میں جمع کرا دیا۔

احسن اقبال نے کہاساری پی ٹی آئی کی ایک ہی امید ہے شاید امریکہ مائی باپ بن کر نجات دلائے یہ تو لطیفہ ہے امریکہ بانی پی ٹی آئی کو رہائی دلائے گا پھر بانی پی ٹی آئی رہا ہو کر پاکستان کو امریکہ کی غلامی سے رہائی دلائیں گے؟،امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، پاکستان کا آئین و قانون کا نظام ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ،عدالت نے سزا دی ،وفاقی وزیر نے کہاعمران خان کے چھوٹنے کا ایک ہی راستہ ہے مقدمے عدالت کے ذریعے ختم ہوں،دنیا کی کوئی بھی عدالت چوری کو سفید نہیں کر سکتی،پی ٹی آئی کارکن باجی پی ٹی آئی کا گریبان پکڑیں اور پوچھیں اعتماد کو ٹھیس کیوں پہنچائی۔