اسلام آباد (مشر ق نیوز) اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قومی کانفرنس کے انعقاد سے قبل اپوزیشن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماوں کو نجی ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس کے بعد وہ زبردستی اس میں داخل ہوگئے۔
اپوزیشن گرینڈ الائنس نے کانفرنس روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج ہر صورت قومی کانفرنس کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں سابق وزیراعظم اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچے۔ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر نجی ہوٹل کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، جب شاہد خاقان عباسی ہوٹل پہنچے تو انہیں ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بعد ازاں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتظامیہ کی جانب سے آج کانفرنس کی اجازت نہیں دی گئی، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نجی ہوٹل میں زبردستی کانفرنس کیلئے گھس گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل کے منیجر سے وقوعہ سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا، ذرائع کے مطابق ہوٹل منیجر نے کہا کہ یہ تمام افراد ہماری اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے ہیں، تمام سیاسی رہنما ہوٹل میں داخل ہو کر ہال پر قابض ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس وقوعہ سے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ لے کر روانہ ہوگئی جب کہ اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قیادت پر مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ابھی تک ہال میں کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، رہنماو¿ں کی جانب سے ہوٹل کے ریسپشن پر کانفرنس جاری ہے اور رہنما خطاب کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا محسن نقوی اور شہباز شریف کو جس نے مشورہ دیا کہ ہمیں کانفرنس نہ کرنے دی جائے، 23 مارچ کو ڈفر ایوارڈ دیا جائے، اس وقت ملک ترقی نہیں کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ انسٹال 47 کی رجیم ہے جس کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، 60 صفحات پر اشتہارات چھاپنے سے ملک میں ترقی نہیں آتی۔ عمر ایوب نے کہا کہ ہم بلوچستان میں عوام جلسے کی دعوت دیتے ہیں، بلوچستان حکومت ایک طرف اور دوسری طرف ہم عوامی جلسہ کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسنگ پرسنز کا مقدمہ ہم نے چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے بھی لڑا، خیبرپختونخوا کے واجبات وفاقی حکومت نے دینے ہیں وہ دئیے جائیں، اس ملک میں صرف سیاسی قیدیوں کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں، آرٹیکل 7 میں ریاست کی تعریف واضح طور پر لکھی ہے، ہم ریاست کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین تمام شہریوں کے درمیان سماجی معاہدہ ہے، مسلم لیگ ن والے جب کہتے تھے کہ ووٹ کو عزت دو دراصل وہ آئین کو عزت دو کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے پاس کوئی جواز ، کوئی بات نہیں ہے، سیاست کا کیا مقصد ہے آپ کے پوتے اور نواسے وزیر اعظم بن جائیں ، اس حکومت نے کوئی قانون اور آئین کی پاسداری نہیں کی، اسمبلی میں فارم 47 کا سیلاب آیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ راتوں رات اس اسمبلی سے نے ترامیم پاس کروا لیں، آج شاہد خاقان عباسی کے خلاف بات کررہے ہیں کہ انہوں نے چیف جسٹس پر بات کی، اس کے خلاف بات نہیں کررہے جس نے چیف جسٹس کے اختیارات ختم کئے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیاسی جمود رہے گا تو ملک اور معاشرے میں عدم استحکام رہےگا، بند کمرے میں سو آدمیوں کو بھی بات نہیں کرنے دے رہے پھر کہتے سڑکوں پر کیوں آئے، پاکستان پستی کا شکار ہورہا ہے، جب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے تھے تب ہم ساتھ کھڑے تھے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ آپ آج ڈر رہے ہیں ، اگر ایمانداری سے آتے تو آج نا ڈرتے۔
قومی کانفرنس کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن رہنما ”زبردستی“ ہوٹل میں داخل، رہنماوں کا خطاب



















