کالجوں، یونیورسٹیوں میں ڈرگ مافیا متحرک ،ٹیکس کا پیسہ حکمران ذاتی تشہیر پر خرچ کر رہے ہیں:نعیم الرحمن
گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن عوام کے ٹیکس کا پیسہ حکمران اپنی تشہیر پر خرچ کر رہے ہیں،ریاست ٹیکس لیتی ہے لیکن تعلیمی سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری پوری نہیں کررہی ،40فیصد لوگ غربت کی زندگی بسر کررہے ہیں،مڈل کلاس طبقہ بچوں کو تعلیم دلوانے سے قاصر ہے، کالجز اور یونیورسٹیز میں ڈرگ مافیا متحرک ہے،منشیات کی کھلے عام فروخت ہورہی ہے عوام کے ٹیکسز کے اربوں روپے اشتہارات پر خرچ کرنیوالے حکمران خود ہی اداکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فانڈیشن کے زیر اہتمام شروع ہونیوالے بنو وابل پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی امیر جاوید قصوری،جنرل سیکرٹری الخدمت فانڈیشن وقاص انجم جعفری ،ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا،ضلعی جنرل سیکرٹری علی رضا حسنی،ضلعی نائب امیر سید عمر فاروق گیلانی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں ہزاروں طلبا و طالبات نے شرکت کی،حافظ نعیم الرحمن نے کہا آئی ٹی کا زمانہ ہے، پاکستان کا نوجوان آئی کیو لیول میں بہت آگے ہے،نوجوانوں کو سپورٹس اور تعلیم کی سہولیات ملنی چاہئیں۔

















