اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ججز سنیارٹی کامعاملہ سپریم کورٹ جاپہنچا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5ججوں نے موقف اختیار کیاصدر مملکت نے آرٹیکل 200 کی شق ایک کا استعمال جوڈیشل کمیشن اختیار کو غصب کرکے کیا۔
درخواست منیر اے ملک اور بیرسٹر صلاح الدین کے ذریعے 49صفحات پر مشتمل درخواست آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی،درخواست میں استدعا کی گئی سپریم کورٹ قرار دے صدر کو آرٹیکل 200 کی شق ایک کے تحت ججز تبادلے کے لامحدود اختیارات نہیں ، مفاد عامہ کے بغیر ججز کو ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ ٹرانسفر نہیں کیا جاسکتا،ٹرانسفر نوٹیفکیشن،سنیارٹی لسٹ اور ریپریزنٹیشن پر دیا گیا فیصلہ آرٹیکل 200 کی شق ایک کےخلاف ہے، ججز کا تبادلہ سنیارٹی لسٹ کو متاثر کیے بغیر عارضی طور پر ہو سکتا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے موقف اختیار کیا اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز ٹرانسفر کا فیصلہ مفاد عامہ کے تحت نہیں کیا گیا،کچھ اور وجوہات ہیں،ٹرانسفر آرٹیکل 175 اے کے برخلاف ہے،صدر مملکت نے آرٹیکل 200 کی شق ایک کا استعمال جوڈیشل کمیشن کے اختیار کو غصب کرکے کیا۔
درخواست میں کہا گیااسلام آباد ہائی کورٹ کی موجود ہ سنیارٹی لسٹ کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ سنیارٹی لسٹ آرٹیکل 194 اور آئین کے تیسرے شیڈول کے منافی ہے،جسٹس سرفراز ڈوگر کو بطور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ،جسٹس خالد سومرو اور جسٹس آصف کو جوڈیشل ورک سے روکاجائے۔
آئینی درخواست میں صدر ، وفاق، جوڈیشل کمیشن ، رجسٹرار سپریم کورٹ سمیت سندھ لاہور، بلوچستان ہائی کورٹس کے رجسٹرار، اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار، جسٹس سرفراز ڈوگر ، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس آصف کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ٹرانسفر ہونے والے ججز کا نیا حلف نہ لینا آئینی خلاف ورزی ہے، کسی جج کی سنیارٹی اس ہائیکورٹ سے شروع ہوتی ہے جہاں حلف لیا ہو،ایسے جج کو قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ بنایا گیا جس نے محض 2ہفتے ہی ہائی کورٹ میں گزارے،2ہفتے پہلے ٹرانسفر ہونے والے جج کو قائم مقام چیف جسٹس بنا کر تمام انتظامی اختیارات دے دئیے گئے،سنیارٹی لسٹ کو تبدیل کرنا آرٹیکل 2 اے کےخلاف ہے، ججز کا ٹرانسفر کرکے سنیارٹی لسٹ جس انداز میں تبدیل کی گئی اسلام آباد ہائی کورٹ کے انتظامی امور میں من مرضی کی مداخلت ہے۔
ججز سنیارٹی کامعاملہ سپریم کورٹ جاپہنچا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5ججوں نے درخواست دائر کردی



















