لاہور (شوکت مروت) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کے وفد نے گزشتہ روز اے ایس پی نولکھا سرکل راحیلہ اقبال سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ہوٹل مالکان، منیجرز اور ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ڈی ایس پی کو مسائل سے آگاہ کیا جس پر اے ایس پی نولکھا راحیلہ اقبال نے کہا کہ تاجر برادری کا تحفظ بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ ملاقات میں ہوٹلوں کی سکیورٹی کے معاملات پر بھی بات تفصیلی بات چیت ہوئی جس دوران ایسوسی ایشن کی جانب سے پولیس کےساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ تمام ہوٹلز پولیس سسٹم ہوٹل آئی کےساتھ منسلک ہیں اور بروقت آنے والے مہمانوں کا اندراج کررہے ہیں۔ ہر ہوٹل میں سی سی ٹی وے کیمرے نصب ہیں جس سے تمام آنے جانے والوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ایسوسی ایشن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نولکھا سرکل میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام ضروری ہے، اس سلسلے میں پولیس ہنگامی اقدامات اٹھائے جس پر اے ایس پی نولکھا نے کہا کہ سرکل میں غیرقانونی سرگرمیوں کی مکمل روک تھام کی جائیگی اور علاقے کو محفوظ بنانے، سیاحوں کو بہترین سکیورٹی کی فراہمی کیلئے پولیس اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی تعاون بڑھایا جائیگا۔ آخر میں اے ایس پی نولکھا اور ایسوسی ایشن کی جانب سے وقتا فوقتاً آپس میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔واضح رہے ملاقات میں ریلوے سٹیشن زون کے چیئرمین میاں وہاج الدین ساجد، صدر خالد معراج، سینئر نائب صدر ممتاز حسین بخاری، نائب صدر اقبال معراج، سیکرٹری خزانہ اسد خالد و دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
نولکھا سرکل میں غیرقانونی سرگرمیوں کی مکمل روک تھام کی جائیگی : راحیلہ اقبال


















