کھلے خطوط سب کیلئے ہیں،لکھے حقائق پر اسٹیبلشمنٹ کو غور کرنا چاہیے،عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کھلے خطوط سب کیلئے ہیں،لکھے حقائق پر اسٹیبلشمنٹ کو غور کرنا چاہیے۔

وکیل فیصل چودھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی نے پارٹی کو رمضان کے بعد بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپوزیشن سے رابطوں کیلئے اسد قیصر،عمر ایوب کو ٹاسک سونپ دیا،ثنا مستی خیل کو سیاسی کمیٹی میں شامل کرلیا گیا۔

عمران خان نے کہاپاکستان میں پی ٹی آئی کےخلاف چادر، چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، انسانی حقوق پامالی کیس کو دنیا کے سامنے لانے کی وجہ رول آف لا کی نفی ہے، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں ،آزاد میڈیا ،آزاد عدلیہ ریورس ہوچکے ، انٹرنیٹ بند ہے ،کون سرمایہ کاری کرے گا، پی ٹی آئی حکومت کے بعد ملک کو 45 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ، فارم 47 کے کندھوں پر چڑھ کر حکومت قائم کی گئی ،بڑھتی دہشت گردی کا سدباب کرنا ہوگا، عدلیہ کو کرش کیا گیا،آزاد جج کبھی کوئی متنازع ریمارکس نہیں دیتے۔

فیصل چودھری نے کہا9مئی کو بانی کی گرفتاری کے وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا ہوا سب نے دیکھا، جوڈیشل کمیشن مانگ رہے ہیں،موقف ہے 9مئی فالس فلیگ آپریشن تھا، ریاست سے آئین و قانون کے مطابق انصاف مانگتے ہیں، ملٹری کورٹس کا کیس سننے والے سپریم کورٹ کے بنچ کے ریمارکس سے متفق نہیں ۔