جج صاحبان کا واک آوٹ، بائیکاٹ کرنا کبھی نہیں دیکھا،عرفان صدیقی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے آرمی چیف نے کہا خط ملا تو وزیراعظم کو بھیجیں گے،میرے خیال سے سب کو پتہ ہے وہ کون سے 2 جج صاحبان ہیں جن کےخلاف ریفرنس لانے کی بات کی گئی ، سیاستدان تو واک آوٹ ، بائیکاٹ کرتے ہیں لیکن جج صاحبان کا واک آوٹ، بائیکاٹ کرنا کبھی نہیں دیکھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاجج صاحبان کو اگر کسی بنچ میں نہ بیٹھنا ہو تو معذرت کر لیتے ہیں،آپ وہاں پر گئے، تقریریں کیں ، 2 سیاسی جماعتوں کے بندے نکلے اور ان کےساتھ نکل گئے، کیا ماضی میں کسی جج نے اس طرح سے واک آوٹ کیا ، مجھے نہیں پتہ ریفرنس لانے کا حکومت سوچ رہی ہے یا نہیں ،رانا ثنانے بھی نہیں کہا ریفرنس لا رہے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہااپوزیشن الائنس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں جو اپوزیشن کی جماعتیں پی ٹی آئی سے بات چیت کر رہی ہیں ان سے پوچھ لیں موقف کیا ہے،کیا پاکستان میں پیسے نہیں آنے چاہئیں، کیا اپوزیشن جماعتیں بانی پی ٹی آئی کے موقف کی تائید کرتی ہیں؟،بانی پی ٹی آئی کی طرف سے جو خطوط نویسی کا مشغلہ ہے کیا اپوزیشن جماعتیں تائید کرتی ہیں؟ جس طرح کا پی ٹی آئی احتجاج کرتی آئی ہے کیا اپوزیشن جماعتیں تائید کرتی ہیں؟ فضل الرحمن ڈوزیئر لکھنے کا ساتھ دے سکتے ہیں نہ سول نافرمانی کا۔