پارلیمنٹ کو قانون میں ترمیم کا کیسے کہہ سکتے ہیں: جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ کے رکن جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے ہیںپارلیمنٹ کو قانون میں ترمیم کرنے کا کیسے کہہ سکتے ہیں، متاثرہ فریق کی عدم موجودگی میں کارروائی کیسے ہو سکتی ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سکینڈل کی تحقیقات کےلئے دائر درخواست پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،وکیل ذوالفقار علی بھٹہ نے موقف اپنایا پنجاب ایڈمنسٹریشن کی انکوائری قابل بھروسہ نہیں ، میرے پاس اتنے کیسز آ رہے ہیں سب میں طلبہ بلیک میل ہو رہے ہیں، سیکشن 354 اے دیکھ لیں وہ ڈائریکٹ سزائے موت میں آتا ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے سیکشن 354 کا معاملے پر اطلاق ہی نہی ہوتا۔

ذوالفقار بھٹہ نے موقف اپنایا میری دلیل ہے سیکشن میں ترمیم کرکے اطلاق کیا جائے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پارلیمنٹ کو قانون میں ترمیم کرنے کا کیسے کہہ سکتے ہیں، متاثرہ فریق کی عدم موجودگی میں کارروائی کیسے ہو سکتی ہے،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا آپ نے آرٹیکل 199 کے تحت لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا؟۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا لاہور ہائی کورٹ کے جج نے معاملے کی انکوائری کی تھی، جج کی انکوائری میں معاملہ حل ہو گیا ،جسٹس مسرت ہلالی نے وکیل سے استفسار کیا آپ عدالت سے چاہتے کیا ہیں، وکیل ذوالفقار علی بھٹہ نے جواب دیا آپ پنجاب حکومت سے ریکارڈ منگوا لیں، جسٹس امین الدین خان نے ذوالفقار بھٹہ سے مکالمہ کیا آپ سننے کو تیار ہی نہیں ،کیا بات کریں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 199 کے تحت لاہور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار ہے، آپ کو لاہور ہائیکورٹ جانا چاہیے،وکیل ذوالفقار علی بھٹہ نے کہا صرف پنجاب کا کیس نہیں ، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے کیس میں پنجاب سے ریلیف ملے گا نہ سپریم کورٹ سے،عدالت نے درخواست خارج کردی۔