لاہور،اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر) پیکا ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دینے کی ایک اور درخواست پر وفاقی حکومت و دیگر فریقین کو نوٹس ،پی ایف یو جے نے بھی قانون چیلنج کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو کالعدم قراردینے کی ایک اور درخواست پر سماعت کی، درخواست فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے راجہ ریاض کے توسط سے دائر کی، عدالت نے درخواست ابتدائی سماعت کےلئے منظور کر لی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
ادھر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے عمران شفیق ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے پیکا ترمیمی ایکٹ غیر آئینی و غیر قانونی ہے اور آزادی صحافت پر حملہ ہے،عدالت سے استدعا ہے آزادی صحافت کےخلاف قانون پی ای سی اے 2025 معطل کیا جائے۔
مزید برآں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پیکا ایکٹ پر صحافیوں کے خدشات دور کرنے کےلئے ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا،چیئرمین کمیٹی پولین بلوچ نے کہا تمام فریقین کےساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جائےگا،وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا پیکا ایکٹ صرف ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کےلئے ہے، اخبارات یا ٹی وی چینلز متاثر نہیں ہوں گے۔
پیکا ایکٹ کیخلاف درخواست منظور،پی ایف یو جے نے بھی قانون چیلنج کردیا



















