اسلام آباد (مشرق نیوز) قائم مقام صدرو سینیٹ چیئرمین، وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان، سپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے انکی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ”یوم یکجہتی کشمیر“ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے انکی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔ افسوس کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل حراست میں رکھا جا رہا ہے اور انکی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو کچلنا ہے۔
وزیراعظم سمیت دیگر قائدین کی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی تجدید



















