لاہور (مشرق نیوز) سہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے وفاقی وزارت داخلہ نے 5 سے 10 فروری کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ کرکٹ میچز کے دوران پاکستان آرمی اور پاکستان رینجرز پنجاب کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔
سہ ملکی کرکٹ سیریز میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی، 8 اور 10 فروری کے میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پیر اور منگل کی شب پاکستان پہنچ جائیگی، میزبان اور کیویز قذافی اسٹیڈیم میں 6 فروری کو فلڈ لائٹس میں پریکٹس کریں گی۔ سہ فریقی ایونٹ کی تیسری ٹیم جنوبی افریقہ 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی۔
ٹرائنگولر سیریز اور آئی سی سی چیمپییئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ پیر سے ایل سی سی گراونڈ میں شروع ہوگا۔ دونوں ایونٹس کیلئے محمد رضوان کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔سہ ملکی کرکٹ سیریز کا آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائیگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 19فروری سے شروع ہو کر 9مارچ تک جاری رہے گی۔ میگا ایونٹ کے میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ بھارتی ٹیم اپنے میچز یو اے ای میں کھیلے گی۔
سہ ملکی کرکٹ سیریز، لاہور میں آرمی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی



















