اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ہیںریاست لاپتہ افراد کی بازیابی میں ناکام ہوگئی ،جہاں سے چلے وہیں کھڑے ہیں، کیس تب ختم ہوگا جب تمام بندے بازیاب ہوجائیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،جسٹس محسن کیانی نے کہا میرا موقف تھا خفیہ ایجنسیز کی کمیٹی ممبران کو ان کیمرا بریفنگ کیلئے طلب کیا جائے، میرے ساتھی ججز کا موقف تھا پہلے وفاقی حکومت کو ایک موقع دینا چاہیے، جبری گمشدہ افراد انکوائری کمیشن کے سربراہ ہمارے جج تھے جو انتقال کرگئے، جبری گمشدہ افراد کمیشن کام نہیں کر رہا، وفاقی حکومت کچھ نہیں کر رہی پھر کسی نہ کسی نے تو دیکھنا ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا جبری گمشدہ افراد کمیشن اگر کام نہیں کر رہا تو میرا خیال ہے اسے بند کر دیا جائے، کابینہ کی سب کمیٹی میں خفیہ اداروں کے لوگوں کو شامل ہی نہیں کیا گیا، میرے ساتھی ججوں کا موقف تھا وفاقی کابینہ خفیہ ایجنسیز کو بلا کر خود پوچھے، یہ سب کام وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کر سکتے ہیں جو ہمارے سامنے نہیں ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کمیٹی معاوضے کی ادائیگیوں کے حوالے سے بھی دیکھے گی، 5 سال سے جو مسنگ ہیں کمیٹی پہلے ان کی فیملیز کو بلائے گی، 8 جنوری کو کابینہ کی سب کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا عدالت آپ کو کیوں کہے یہ آپ کو خود بتانا ہے، جو دہشت گردی میں ملوث ہے اس کا بتائیں یا جو بھی ہے بتائی لیکن نتائج کچھ نہیں آرہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ افراد کے کیسز میں تمام پیش رفت کو بے سود قرار دےدیا اور کہا میری عدالت میں جتنی فیملیز بیٹھی ہیں مجھے ان کو جواب دینا ہے، جبری گمشدہ افراد کی فیملیز کے آنسووں کا مداوا قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ہی کرنا ہے، اگر کوئی گمشدہ شخص دہشت گرد ہے تو یہ بھی لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو ہی بتانا ہے، فتنہ الخوارج کےخلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز جاری ہیں، اگر کوئی لاپتہ شخص دہشتگرد حملے میں مر گیا تو اس کا کوئی ڈیٹا اکٹھا کیا گیا؟ کوئی ایسا میکنزم ہے جس میں ایجنسیز یہ سارا کام کرتی ہوں؟ ،کابینہ کی سب کمیٹی اور انٹیلی جنس افسران پر مشتمل کمیٹی آپس میں میٹنگ کریں، جو لوگ مسنگ ہیں دونوں کمیٹیاں ان کی فیملیز کوبلا کر سن تولیں، 10 سال سے جو بندہ مسنگ ہے اس کے گھر والے کس طرح رہ رہے ہوں گے؟ اگر کوئی زندہ نہیں ہے تو اس کی فیملی کو معاوضہ تو دے دیا جائے، آپ نے کمیٹی بنا کر وزراءکو شامل کر دیا ہے وہ لوگوں کو جواب دہ ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا اور ہدایت دی اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،بعدازاں لاپتہ افراد کی بازیابی کے کیسز کی سماعت6مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
ریاست لاپتہ کی بازیابی میں ناکام ،جہاں سے چلے وہیں کھڑے ہیں، ہائیکورٹ



















