ایڈیشنل رجسٹرار کیخلاف شوکاز واپس، پریکٹس اینڈ پروسیجر اور ججز آئینی کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا: سپریم کورٹ، معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا گیا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس کےخلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے نذر عباس کےخلاف جاری توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیااور پروسیجر اور ججز کمیٹی کے اختیارات کا معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل 2رکنی بنچ نے کیس کا فیصلہ وکلاءاور عدالتی معاونین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا تھا، عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی،عدالت نے قرار دیا ججز کمیٹی اور آئینی کمیٹی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، تاہم نذر عباس کےخلاف مزید کارروائی ختم کر دی گئی،سپریم کورٹ نے کمیٹیوں کے اختیارات سے متعلق معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے کی سفارش کی اور فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی،سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا انتظامی سطح پر جوڈیشل احکامات کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، بادی النظر میں توہین عدالت کی کارروائی ججز کمیٹیوں کےخلاف ہوتی ہے، تاہم ججز کمیٹیوں کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں کی جا رہی،عدالت نے فیصلے میں کہا ہمارے سامنے 2سوالات تھے، کیا ایک ریگولر بنچ سے جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں کیس واپس لیا جاسکتا ہے؟،نذرعباس کے اقدام میں کوئی بدنیتی ظاہر نہیں ہو رہی، نذر عباس کا اقدام توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتا، وضاحت قبول کرکے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرتے ہیں،عدالت نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے کیس واپس لیا جو اس کو اختیار ہی نہیں تھا، ججز کمیٹیوں نے جوڈیشل آرڈرنظرانداز کیا یا نہیں، معاملہ فل کورٹ ہی طے کرسکتا ہے، چیف جسٹس فل کورٹ تشکیل دے کر معاملے کو دیکھیں، فل کورٹ آئین کے آرٹیکل 175 کی شق 6 کے تحت معاملے کو دیکھے۔
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کو جاری شوکاز نوٹس کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے پر خارج کر دی گئی،سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کو جاری شوکاز نوٹس کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،وکیل نذر عباس نے کہا ہم اپنی انٹرا کورٹ اپیل واپس لینا چاہتے ہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا آپ اپنا کلیم واپس لے سکتے ہیں لیکن اپیل واپس نہیں لی جا سکتی،جسٹس جمال مندوخیل نے نذر عباس کے وکیل سے مکالمہ کیا آپ کمرہ عدالت سے باہر جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہا میرے موکل کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا جب توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی گئی تو آرڈر کیسے دیا گیا؟ فیصلے میں تو مبینہ طور پر توہین کرنے والوں میں چیف جسٹس پاکستان کو بھی شامل کیا گیا، کیا مبینہ طور پر توہین کرنے والے فل کورٹ تشکیل دیں گے؟ مرکزی کیس آئینی بنچ کے سامنے سماعت کےلئے مقرر ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا توہین عدالت قانون میں پورا طریقہ کار بیان کیا گیا ہے، دونوں کمیٹیوں کو توہین کرنے والے کے طور پر ہولڈ کیا گیا، طریقہ کار تو یہ ہوتا ہے پہلے نوٹس دیا جاتا ہے، ساری دنیا کیلئے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل کا حق ہے، کیا ججز کیلئے آرٹیکل 10 اے دستیاب نہیں؟،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے جو فل کورٹ بنے گا کیا اس میں مبینہ توہین کرنے والے چار ججز بھی شامل ہونگے؟ ہمیں نوٹس دے دیتے ہم چار ججز ان کی عدالت میں پیش ہو جاتے،جسٹس شاہد وحید نے کہا انٹرا کورٹ اپیل میں وہ معاملہ جو عدالت کے سامنے ہے ہی نہیں کیا اسے دیکھ سکتے ہیں؟، جسٹس علی مظہر نے کہا تو کیا ہم بھی فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کریں؟،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے ہم اٹارنی جنرل کو سن لیتے ہیں، مناسب ہو گا ججز کراس ٹاک نہ کریں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر یہ بنچ کارروائی جاری رکھنا چاہتا ہے تو میں بنچ سے الگ ہو جاو¿ں گا، ہمارے سامنے اس وقت کوئی کیس ہے ہی نہیں، ہمارے سامنے جو اپیل تھی وہ غیر موثر ہو چکی ہے، اگر بنچ کارروائی جاری رکھنا چاہتا ہے تو میں معذرت کروں گا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا فائل کو ٹائر نہیں لگے ہوتے کسی نے تو لے کر جانی ہے، ہمیں بتائیں کمیٹی پر اعتراض کیا گیا، ہمیں بتائیں کیا کمیٹی آئین کے خلاف جا سکتی تھی؟ میری رائے میں آئینی سوال آ جائے تو وہ مقدمہ خودکار طریقے سے آئینی بنچ کے سامنے چلا جاتا ہے، ملٹری کورٹس کیس کسی نے منتقل نہیں کیا وہ خود منتقل ہوا، جب ریگولر بنچ میں میرے سامنے آئینی نکتہ آئے گا میرے لیے وہ کیس سننا ہی حرام ہو جائے گا،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا 13 جنوری کے آرڈر میں لکھا ہوا ہے اعتراض کیا گیا تھا کہ کیس آئینی بنچ کو بھیجا جائے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا فیصلے میں جو کہا گیا کیا وہ آئین کی خلاف ورزی نہیں؟ میں صرف پوچھ رہا ہوں، اگر ایک جج آئین کی خلاف ورزی کرے تو آئین اس بارے کیا کہتا ہے؟ ہر جج نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہمارے سامنے موجود کیس غیر مو¿ثر ہو چکا ہے، کیا ہم یہاں بیٹھ کر ججز کو نوٹس کر سکتے ہیں؟ ہم انٹرا کورٹ اپیل کے اختیار سماعت سے باہر نہیں جا سکتے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارے بارے میں کہا گیا یہ دو جج بنچ میں نہ بیٹھیں ان کا مفادات کا ٹکراو ہے، پہلے بتائیں ہمارے مفادات کیا ہیں اور ان کا ٹکراو کیا ہے؟،جسٹس علی مظہر نے کہا یہ تو نئی عدالتی نظیر ہو گئی کہ میرا آرڈر ہے فلاں جج کیس نہ سنے، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ایسے تو آدھے ججز کورٹ میں بیٹھ ہی نہیں سکتے، جسٹس علی مظہر نے کہا کہ ایسے میں تو آپ کو ایڈہاک ججز بھرتی کرنا پڑیں گے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا یہ تو ایسے ہی ہو گیا یہ تیرا جج ہے یہ میرا جج ہے، ہمیں بتایا جائے ہمارے کیا مفادات تھے؟ ہمیں کیا فائدہ ملا؟ ساڑھے گیارہ بجے جب ساری عدالتیں بند ہو جاتی ہیں ہم تب بھی کیس سنتے ہیں، ہم روزانہ ڈبل فائلیں پڑھ کر آتے ہیں،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے ہم تو دوگنا کام کر رہے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ایک طرف کہا جاتا ہے فائدہ اٹھانے والے جج ہیں دوسری طرف کہا جاتا ہے متاثرہ جج ہیں، کیا یہ معاملہ اب عالمی عدالت انصاف میں جائے گا؟ مفادات کا ٹکراو¿ کیا ہے یہ بتانا پڑے گا؟،جسٹس علی مظہر نے کہا ہمارے ساتھ وہ ہوا جیسے کہا جاتا ہے کچھ بھی نہیں کہا اور کہہ بھی گئے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا یہ ہماری نیک نیتی پر سوال اٹھایا گیا ہے معاملے کو کلیئر کرنا پڑے گا، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے 6 ججز کا خط کلاسیک مثال تھی وہ خط آج بھی موجود ہے، قوم، سیاستدانوں اور ججز نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا، جب وہ آتا ہے تو کوئی کھڑا نہیں ہوتا، آج صبح ایک اخبار کی سرخی پڑھی جس میں سینئر سیاستدان نے کہا ملک میں جمہوریت ہے ہی نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہم اس سوال کو ہمیشہ کےلئے طے کرنا چاہتے ہیں تاکہ روز روز تماشہ نہ لگا رہے، اس خوف سے میں ججز کمیٹی میں بھی نہیں بیٹھوں گا کہ کہیں کوئی بنچ مجھے توہین عدالت کا نوٹس نہ جاری کر دے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ججز کمیٹی جوڈیشل فورم نہیں ہے، کیا معاملے میں کمیٹی ممبران پر اعتراض اٹھایا جا سکتا ہے کہ ان کا مفادات کا ٹکراو¿ ہے؟،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آنے والے ساتھی ججز کو توہین عدالت کی کارروائیوں سے بچانا چاہتے ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جو ہوا یہ شرمندگی کا باعث ہے، عدالت عظمیٰ نے کیس نمٹا دیا، 4 ججز نے اکثریتی فیصلے میں کہا تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کریں گے،جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس شاہد وحید نے اقلیتی رائے دیتے ہوئے کہا مقدمہ نمٹانے کی حد اکثریتی فیصلے کےساتھ ہیں، تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کرنے کی حد تک اکثریتی رائے سے اختلاف کرتے ہیں،جسٹس جمال خان مندوخیل ،جسٹس علی ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی نے تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کرنے کا اکثریتی فیصلہ دیا۔