اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 منظور کر لیا ،پی ٹی آئی نے بل کی مخالفت کر دی ،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کی زیر صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کے مجوزہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 کا ایجنڈا زیر غور رہا،اجلاس میں وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا بل میں کچھ ترامیم لائی گئی ہیں، ترمیم شدہ بل تمام ارکان کو فراہم کر دیا گیا ہے،کمیٹی ممبر عمر ایوب نے کہا شارک مچھلیوں نے کاٹ کاٹ کر انٹرنیٹ کیبل کا ستیاناس کر دیا ہے، تحریک انصاف کا جب جلسہ ہوتا ہے تو انٹرنیٹ کی سپیڈ سست کر دی جاتی ہے لہٰذا پی ٹی آئی ڈیجیٹل نیشن بل کی مخالفت کرتی ہے،کمیٹی ممبر عمیر نیازی نے کہا ملک کی ڈیجیٹل اکانومی تباہی کے دہانے پر ہے، پاکستان میں ٹولز دستیاب ہی نہیں ہیں، اتنی جلد بازی نہ کریں اور تحفظات ہمارے دور کریں، کمیٹی ممبر بیرسٹر گوہر نے سوال اٹھایا آخر ڈیجیٹل کمیشن بنانے کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟،وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے بتایا ڈیٹا پول ایک جگہ اکٹھا نہیں ہو رہا ہے، یہ غلط تاثر دیا جا رہا ڈیٹا ایک جگہ جمع ہوگا بلکہ ادارے ڈیجیٹلائز ہو رہے ہیں، ڈیجیٹل شناخت سے بہت ساری چیزیں آسانی سے دستیاب ہو جائیں گی، ماسٹر پلان کا مطلب ڈیجیٹل ماسٹر پلان ہے، اس کے تحت ادارے ڈیجیٹلائز ہوں گے، ہم ڈیجیٹل سکیورٹی پر کام کر رہے ہیں اور اس قانون کے بعد ڈیجیٹل شناخت چوری کا تحفظ ہوگا، اس وقت سائبر سکیورٹی کے واقعات بڑھ رہے ہیں لیکن ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے بعد فول پروف سائبر سکیورٹی ہوگی،پی ٹی آئی کے شیر علی ارباب نے کہا اس وقت ملک میں انٹرنیٹ نہیں چل رہا، ہم نے واٹس ایپ استعمال چھوڑ دیا ہے، بغیر ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ کے بل کی منظوری بڑی غلطی ہوگی،چیئرمین کمیٹی نے بل پاس کرانے کا عمل شروع کیا تو پی ٹی آئی ارکین عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا بل کو بلڈوز نہ کیا جائے بلکہ ہماری رائے لی جائے،بل منظور کرنے کے حق میں 10 ارکان اور 6 نے مخالفت میں ووٹ دئیے،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، بیرسٹر گوہر نے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے بہترین احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پر بات ہوئی ہے، اب آئین و قانون کے حق میں بولنے والوں کو اٹھایا جائے گا،دنیا کی تاریخ میں قانون سازی کا کم ترین وقت پاکستان میں ہے،88 دنوں میں 10 منٹ بھی قانون سازی پر بات نہیں ہوئی، جتنے بھی قانون پاس ہوئے 10 منٹ کے اندر پاس کرلیے گئے، ایک سال میں 130 دن سیشن ہوتا ہے مگر ہمارے پاس 88 دن ہوئے۔
ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی سے منظور، پی ٹی آئی کی مخالفت



















