شراب و اسلحہ برآمد کیس میں وارنٹ گرفتاری برقرار، مقابلہ کچے کے ڈاکووں سے نہیں، سپرپاور امریکہ کو شکست دینے والے دشمن سے ہے: گنڈاپور

اسلام آباد، ڈی آئی خان (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کےخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہر تاریخ پر آپ استثنیٰ کی درخواست دیتے ہیں، ملزم کو پیش نہیں کرتے،عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا، عدالتی آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی،مزید برآں پولیس ٹریننگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا مقابلہ اس دشمن سے ہے جس نے سپر پاور امریکا کو شکست دی، ہمارے دشمنو ں کا موازنہ کچے کے ڈاکووں سے نہ کیا جائے،پولیس موبائل کی جگہ بلٹ پروف گاڑیوں کا بندوبست کر رہے ہیں، ہمارا بارڈر خطے کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے، جوانوں کی قربانیاں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہماری فورسز اتنی قابل ہیں کہ انہوں نے سپرپاور کو شکست دی ، شہداءکا کوٹہ سسٹم بحالی ودیگر مراعات کو صوبائی حکومت نے پہلی فرصت میں حل کیا،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا پولیس افسران کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں دے رہے ہیں، پولیس کی ٹریننگ 9 ماہ کے بجائے 90 دن کرنے کی پالیسی بنا رہے ہیں، صوبائی حکومت جلد ٹریننگ سکول کی تمام سہولیات مہیا کرے گی، شہداءکی فیملیز کا خیال رکھیں گے تاکہ جوانوں کے حوصلے بلند ہوں۔