ضیا دور سب سے خوفناک، عدلیہ کو بھٹو کے قتل کیلئے استعمال کیا گیا، جسٹس اطہر من اللہ

لاہور:(خبر نگار)جج سپریم کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہاہے ضیا کا دور سب سے خوفناک، عدلیہ کو ذوالفقار بھٹو کے قتل کیلئے استعمال کیا گیا۔

لاہور میں پہلی بین الاقوامی جانوروں کے حقوق اور ماحولیات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہاپاکستان میں طاقت کے زور پر اقتدار پر قبضہ کیاجاتا رہا،ضیا کادور سب سے خوفناک تھا ،ٹارچر سیلز بنائے گئے ،لوگوں کو مہینوں عقوبت خانوں میں رکھا گیا، سپریم کورٹ نے مانا منتخب وزیراعظم بھٹو کو عہدے سے ہٹا کر قتل کیا گیا،بہت سے بنیادی حقوق پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی ججمنٹس ملیں گی، بطور جج درد محسوس کر سکتا ہوں جو کسی کا عزیز جبری گمشدہ ہونے پر اہل خانہ پر گزرتا ہے۔

جج سپریم کورٹ نے کہاجانوروں کے حقوق کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم جتنا انسانی حقوق کاہے، ہر زندگی قیمتی ہے، چاہے وہ انسان کی ہو، جانور کی یا پودوں کی،جانوروں کے حقوق کے تحفظ کےلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے بنی گالہ کی خوبصورتی کو داغدار کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک ٹاون پلانر نے جانوروں کے قیام کی بہترین جگہ قرار دیا مگر اشرافیہ نے رہائش گاہیں قائم کرکے قدرتی خوبصورتی کو نقصان پہنچایا،پاکستان میں بہترین اسلامی سکولز موجود ہیں، سکول کے دور میں حقیقت سے برعکس پڑھایا جاتا رہا، شیر کے رہن سہن پر جو پڑھایا گیا وہ حقیقی زندگی سے بالکل مختلف تھا۔