اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز (ای وی سی ایس) کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی کے اعلان کے ایک روز بعد پاکستان نے ’گرین فنڈ‘ تک رسائی کیلئے فرانس سے مدد طلب کی ہے تاکہ روایتی چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی میں منتقل کیا جا سکے، جس کے نتیجے میں صاف ستھرے ماحول اور تیل کی درآمدات میں بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے فرانس کے سفیر نکولس گیلی کے ساتھ پاکستان میں چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی تجویز پر باضابطہ تبادلہ خیال کیا۔ حکومت کا اندازہ ہے کہ تقریباً 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کو فوسل فیول سے الیکٹرک انجن میں تبدیل کرنے میں مدد مل سکتی ہے، صرف ایک کروڑ موٹر سائیکلوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سالانہ تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کا پٹرول درآمد کیا جاتا ہے۔
ایک روز قبل وفاقی وزیر توانائی نے ای وی سی ایس کیلئے بجلی کی قیمت 44 فیصد کم کرکے 71روپے 10 پیسے فی یونٹ سے کم کرکے 39 روپے 70 پیسے کرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں ٹیکس بھی شامل ہوں گے جن پر عملدرآمد کیلئےباضابطہ ریگولیٹری عمل سے گزرنا ہوگا۔
اویس لغاری نے فرانسیسی سفیر کو الیکٹرک وہیکل پالیسی کے حالیہ تعارف کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا مقصد سالانہ اربوں ڈالر کی ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ میں حصہ ڈالنا ہے، مزید برآں، اس سے نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی جس سے عوام پر مالی بوجھ کم ہوگا۔
پاکستان نے گرین فنڈ تک رسائی کیلئے فرانس سے مدد مانگ لی


















