مذاکرات میں پیشرفت جوڈیشل کمیشن سے مشروط ہے ،پی ٹی آئی

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مذاکراتی کمیٹی کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات،پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات میں پیشرفت کو جوڈیشل کمیشن کے قیام سے مشروط قرار دےدیا۔

اسد قیصر، عمر ایوب، علامہ راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا اور وکیل فیصل چودھری اڈیالہ جیل پہنچے،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات 2گھنٹے سے زائد تک جاری رہی،حکومت سے مذاکرات سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بانی پی ٹی آئی سے ون آن ون ملاقات کی، علی امین گنڈاپور مکمل سرکاری پروٹوکول کےساتھ اڈیالہ جیل پہنچے، ون آن ون ملاقات کے باعث مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں بٹھایا گیا۔

دریں اثنا مذاکرات سے پہلے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق سپیکر اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،دونوں رہنماوں نے باضابط طور پر مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کی درخواست کی۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے دونوں رہنماوں کے پیغام سے حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے صرف پیغام رسانی کا کردار ادا کیا ، ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہامذاکرات کے دوران فریقین میں تلخیاں ،سیاسی کشیدگی کے خاتمے میں سپیکر سردار ایاز صادق کا کلیدی کردار رہا،سردار ایاز صادق نے متعدد مواقع پر حکومت ،اپوزیشن کو تعمیری ،مثبت بات چیت کی تجویز دی گزشتہ اجلاس میں باقاعدہ رولنگ کے ذریعے سپیکر آفس کے دروازے تمام اراکین کےلئے کھولنے کا اعلان کیا،سپیکر نے حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دینے کی نہ صرف بات کی بلکہ عمل بھی کیا،ایاز صادق افہام و تفہیم کےساتھ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں اب بھی خلوص نیت سے مذاکرات میں سہولت کاری کر رہے ہیں، سپیکر کی ہی کامیابی ہے آپس میں ہاتھ نہ ملانے والے ایک میز پر بیٹھے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ترجمان نے کہاحکومت ،اپوزیشن دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے سپیکر کی سہولت کاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی بہتری کےلئے کام کریں،سپیکر آفس کے دروازے تمام اراکین پارلیمنٹ کےلئے 24 گھنٹے کھلے ہیں،سپیکر دستیاب نہ بھی ہوں تو بہترین طریقہ سپیکر آفس کو پیغام دینا ہے۔

دوسری جانب ملاقات کے بعد پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے پارٹی رہنماﺅں کےساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہابانی پی ٹی آئی سے کنٹرولڈ ماحول میں ملاقات کرائی گئی، ملاقات کےلئے رات کو دیر سے آگاہ کیا گیا، 2 اراکین دھند کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے،تیسرے راونڈ کے مذاکرات کےلئے تیار ہیں،9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر 31 جنوری تک غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں چل سکتے، گیند اب حکومتی کورٹ میں ہے ،جتنی لچک دکھاسکتے تھے دکھا دی، تیسری میٹنگ میں پیشرفت کرنا ہوگی، 2مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردیں گے۔

حامد رضا نے کہا31جنوری کی تاریخ میں توسیع کا اختیارصرف بانی کے پاس ہیں،اپنی مرضی کا جج نہیں چاہ رہے بلکہ سپریم کورٹ کے موسٹ سینئر ججز کی بات کررہے ہیں جو دونوں واقعات کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرسکےں،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ منظور ہوگا، کسی کاہینڈپک فیصلہ قطعاً قابل قبول نہیں، اسیروں کی رہائی مطالبات کا حصہ ہے، بانی پی ٹی آئی نے قیدیوںڈ کا معاملہ ایچ آر سی پی میں اٹھانے کی ہدایت کردی،کوئی پیشرفت ہوئی تو بانی پی ٹی آئی تک پہنچا دیں گے،کوئی این آر او یا ایگزیکٹو آرڈر نہیں چاہتے، خواہش ہے بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے سرخرو ہو کر نکلیں،اسیروں کی ضمانتوں میں پراسیکیوشن رکاوٹ نہ بنے،مذاکرات کومنطقی انجام تک پہنچانا ہے توحکومت فیصلہ سازی کا اختیار ظاہر کرے اور کمیشن بنائے، ابھی تک پیشرفت نہیں ہوسکی، تیسری میٹنگ میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو پیشرفت کرنا ہو گی،علم ہے القادر ٹرسٹ کیس کافیصلہ آرہاہے،فیصلہ پاکستان کی نیک نامی نہیں بنے گا۔