ڈیڑھ لاکھ آسامیاں اوروفاقی وزارتوں کے نصف ادارے ختم کردئیے،وزیر خزانہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم ، وفاقی وزارتوں کے 80 اداروں کی تعداد نصف کردی اب بھرتیاں نہیں کی جائیں گی،حکومتی اخراجات میں کمی کے اقدامات 30 جون تک مکمل کر لیں گے،رائٹ سائزنگ کا عمل شفاف طریقے سے آگے بڑھا رہے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنونیئر بلال اظہر کیانی و دیگر سینئر حکام کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹراورنگزیب نے کہاکوشش ہے حکومتی اخراجات کم کریں اور معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب لیکر جائیں، ٹیکس نظام میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات دسمبر سے جاری ہیں، معاشی ترقی کےلئے نجی شعبے کو کردار نبھانا ہوگا،وفاقی وزارتوں کے 80 ذیلی اداروں کی تعداد کم کرکے 40کردی گئی یعنی نصف ادارے ختم کر دئیے، کچھ کو ضم کیا گیا ، 2 وزارتوں کو بھی ضم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر خزانہ نے کہا دوسرے مرحلے میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، کامرس ڈویژن، ہاو¿سنگ اینڈ ورکس ، نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 60 ذیلی اداروں میں سے 25 کو ختم، 20 میں کمی اور 9 کو ضم کیا جائےگا، خدمات کی آسامیوں کو آوٹ سورس کر رہے ہیں، حکومت رائٹ سائزنگ کرکے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانا چاہ رہی ہے،معیشت بہتری کی جانب گامزن ، اہداف درست سمت جارہے ہیں۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا پہلے 6سے 7ماہ مائیکرو اکنامک استحکام پر توجہ دی گئی،بنیادی طور پر اکنامی کا ڈی این اے تبدیل کرنا ہے، معیشت کو برآمدات پر مبنی گروتھ کی طرف لےجانا ہے، مکمل طور پر ڈیجٹلائزیشن ، فیس لیس ٹیکنالوجی پر کام کررہے ہیں،چاہتا ہوں پلان سے زیادہ کارگردگی شیئر کی جائے،اپنے اخراجات کم کرنا ناگزیر ہے۔
وزیرخزانہ نے کہانجی شعبہ بہتر ہو گا تو روزگار کے مواقع زیادہ فراہم ہوں گے اگر آئی ایم ایف پاکستان کیلئے ایسا بنچ مارک مقرر کرتا ہے جو ملک کیلئے اچھا ہو تو عملدرآمد کرنا چاہیےکیونکہ یہی ملکی مفاد میں ہے،حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بجٹ پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے،قرضوں کی ادائیگی میں بہتری آئی،پہلی مرتبہ پنشن اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز کیا گیا،بتدریج بہتری آئے گی،ایس او ایز اصلاحات میں کسی بھی وزارت کو استثنیٰ حاصل نہیںسب کو کارکردگی کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں،حکومتی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کئی وفاقی اداروں کا حجم زیادہ ہے،سارے عمل کا بنیادی مقصد ہے اخراجات کو کم کیا جا سکے، رائٹ سائزنگ کا مقصد حکومت کی کارکردگی اور فعالیت میں اضافہ کرنا ہے، وزیراعظم سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

















