اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کا تحریری طور پر مطالبات نہ دینا ڈیڈ لاک کی وجہ بنا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے سے گریز کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ کا فیصلہ کریگی، چارٹر ماننے کی صورت میں تحریک انصاف کو حکومت سے تحریری معاہدہ بھی کرنا ہو گا۔ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سپیکر آفس سے ابھی تک مذاکرات کے تیسرے دور کیلئے کسی فریق نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ترجمان عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ مذاکرات کے دونوں راونڈز میں پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب کہہ رہے ہیں کہ گفتگو جو ریکارڈ ہوئی ہے اس کو ہی تحریری مطالبہ سمجھا جائے، ایسا نہیں ہو گا، ہم چاہتے ہیں ایک مرتبہ ان کی جانب سے تحریری بات آجائے تاکہ ہمیں پتہ چلے کے انکے کیا کیا مطالبات ہیں۔
حکومت اور تحریک انصاف مذاکرات میں ڈیڈ لاک



















