پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر حکومتی اتحاد سے علیحدگی کی دھمکی دےدی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر حکومتی اتحاد سے علیحدگی کی دھمکی دےدی۔

ترجمان پی پی شازیہ مری نے کہا وفاقی حکومت متواتر اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کررہی ہے، پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام پر بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، حکومت نے سندھ ، پیپلز پارٹی دونوں کو فیصلے سے بے خبر رکھا،بات دہرا رہے ہیں وفاقی حکومت کو پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے جس دن حمایت ختم کی تووفاقی حکومت بھی ختم ہوجائے گی، شاید ن لیگ کو ادراک نہیں ۔

شازیہ مری نے کہاکافی وقت سے مطالبہ کررہے ہیں قومی مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے، 11ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا،آئین کی مستقل اور کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، وزیراعظم آئینی طور پر 3 ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے پابند ہےں۔

پی پی ترجمان نے کہامیری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کےلئے رائے اور معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے،اہم قومی امور پر آئین سبوتاژ ،اتحادیوں اور صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ کرنا کیا دانشمندی ہے؟ وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے ،خلیج اور بڑھے گی، ملک کو آئینی وقانونی طرزعمل پرچلایا جائے توسب کیلئے بہتر ہوگا،میری ٹائم سیکٹر پر ٹاسک فورس کی سفارشات ،بحری امور اور کے پی ٹی تجاویز سے قبل اتحادیوں ،صوبوں کی رائے لی جائے۔