شہید بھٹو نے پاکستان کو مضبوط آئین فراہم کر کے قوم کو متحد کیا:گورنر خیبرپختونخوا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر کہا ہے کہ شہید بھٹو نے غریب اور مظلوم طبقات کو آواز دی اور پاکستان کو ایک مضبوط آئین فراہم کر کے قوم کو متحد کیا۔اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائد عوام پاکستان کی تاریخ کے ایک ایسے عظیم رہنما تھے جنہوں نے عوام کے حقوق کے تحفظ، جمہوریت کے فروغ، اور پاکستان کو ایک خود مختار ریاست بنانے کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے غریب اور مظلوم طبقات کو آواز دی اور پاکستان کو ایک مضبوط آئین فراہم کر کے قوم کو متحد کیا، ان کی قیادت میں ملک نے نہ صرف اقتصادی اور سماجی ترقی کی راہیں اپنائیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک باوقار مقام حاصل کیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسلم امہ کو اکٹھا کرنے، ایٹمی قوت کے حصول ، جمہوری استحکام کے نظریہ پر کار بند رہتے ہوئے بینظیر بھٹو شہید نے جان کی بازی لگائی، صدر آصف علی زرداری نے ظلم و تشدد برداشت کئے اور آج بھٹو شہید کا نواسہ اسی عظیم مشن کی خاطر ڈٹ کر جمہوریت اور پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں شہید بھٹو کے نظریات اور افکار کو زندہ رکھتے ہوئے جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے انکے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن آج بھی پاکستان کے عوام کیلئے مشعل راہ ہے، اور ان کے دکھائے گئے راستے پر چل کر ہم ایک ترقی یافتہ، خود مختار اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔