مستحکم معیشت ضروری ،چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار رہنا ہوگا،ائیر چیف

کراچی:(بیورورپورٹ)ایئر چیف ظہیر بابر سدھو نے مضبوط دفاع کےلئے مستحکم معیشت کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاخطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنا ذمہ داری ہے، پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردارادا کر رہی ہے،عالمی سطح پر مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار رہنا ہوگا،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔

122ویں مڈشپ مین اور 30ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا پاکستان نیول اکیڈمی میں انعقاد کیا گیا،49 مڈشپ مین ،29 ایس ایس سی کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے آمد پر استقبال کیا۔

پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کامیابی سے ٹریننگ مکمل کرنے پر کمیشنگ ٹرم ،والدین کو مبارکباددی اور معیاری تربیت فراہم کرنے پر پاکستان نیول اکیڈمی کی تعریف کی ،ایئر چیف نے امید کا اظہار کیا پاکستان نیول اکیڈمی میں تربیت یافتہ دوست ممالک کے کیڈٹس مضبوط تعلقات کے فروغ کےلئے اہم کردار ادا کریں گے،جدید رجحانات، ٹیکنالوجیز اور بدلتے جیو سٹرٹیجک حالات سے ہم آہنگ رہنے کی ضرور ت ہے،جدید و انفارمیشن پر مبنی دور میں صرف قابل رہنما ہی ابھرتے چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹ سکتے ہیں۔

ظہیر بابر سدھو نے کہابطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم کررہی ہے، پاکستا ن نیول اکیڈمی دنیا کے بہترین اداروں میں شامل ہے،پریڈ میں ڈسپلن اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے،تمام درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے،جدید ٹیکنالوجی کو تربیتی کورسز کا ضروری حصہ بنا دیا گیا، عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، مضبوط معیشت ،مضبوط دفاع کیلئے ضروری ہے۔

ائیر چیف نے کہاملکی معیشت دن بدن مضبوط ہورہی ہے،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، عالمی برادری بھارت پر زور دے وہ کشمیر میں مظالم کو بند کرے، غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، بحری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 122ویں مڈشپ مین ،30 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی ،اعلیٰ سول و عسکری حکام کےساتھ غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے پریڈ کا معائنہ کیا، پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس نے بہترین مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی، پاسنگ آوٹ پریڈ میں قومی ترانہ بھی پڑھا گیا،پاکستان نیوی میں 79 افسروں نے کمیشن حاصل کیا ،50 مڈ شپ مین اور 29 ایس ایس سی کورس افسر شامل ہیں، کمانڈنٹ وجاہت جاوید نے پاس آوٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا، پاس آوٹ ہونیوالے 79 کیڈٹس نے پاکستان کی خدمت، وفاداری اور فرائض کی انجام دہی کا حلف اٹھایا۔

استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصوراقبال نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیمی ،پیشہ وارانہ تربیت کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی،مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے، لیفٹیننٹ عماد الدین کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قائداعظم گولڈ میڈل دیا گیا، سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مڈشپ مین ویمکتھی تھیناکون نے اعزازی شمشیر ، مڈشپ مین شایان نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی،افسر کیڈٹ عبدالرحمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل اور عراق سے تعلق رکھنے والے افسر کیڈٹ علی جلیل ابراہیم شریف شعیب الشبانی کو چیف آف دی نیول سٹاف گولڈ میڈل دیا گیا، شارٹ سروس کمیشن کورس سے افسر کیڈٹ سدرہ سعید کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا اور پرافیشنسی بینر فوکسل سکواڈرن کو عطا کیا گیا۔