لاہور (اپنے نمائندے سے) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا مرکز و محور اسٹیبلشمنٹ کا کندھا ہے، یہ تینوں پارٹیاں جمہور کی حکمرانی پر یقین نہیں رکھتیں اور ان تینوں کی داخلہ و خارجہ، سیاسی، معاشی اور تعلیمی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں ہے،حکومت اور پی ٹی آئی کے آپسی مذاکرات کے پیچھے بھی اسٹیبلشمنٹ کی ایڈوائس شامل ہے۔ ملک کو حقیقی اسلامی پرامن انقلاب کی ضرورت ہے، مسائل کا حل شفاف جمہوری نظام اور شفاف انتخابات میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دونوں اطراف یکسو نہیں ہیں، حقیقی مذاکرات تبھی کامیاب ہوں گے جب ان میں اسمبلیوں اور اسمبلیوں سے باہر تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔ سابق امیر جماعت نے ک±رم میں امن مذاکرات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کی اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شرانگیزی کے تازہ واقعات سے اندازہ ہوا کہ کرم میں فساد کے پیچھے فرقہ واریت کا عنصر شامل نہیں بلکہ ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں خیر و شر کی کشمکش جاری ہے اور شر کی نمائندگی امریکہ کر رہا ہے۔
مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کا مرکز و محور اسٹیبلشمنٹ کا کندھا ہے :سراج الحق



















