سرحدپار سے کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیں گے،فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے دشمن گھات لگائے بیٹھا،خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آگیا،ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے سب ملکر فتنے کا خاتمہ کریں گے ،سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان نہ روکا تو تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی۔

نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاایک اور اچھا موقع ہے پاکستان نے سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 2 سال کےلئے ذمے داری سنبھال لی ،پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور عالمی سفارت کاری میں پوری استعداد کےساتھ شریک ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان میں گھس بیٹھیے خاص طور پر خیبرپختونخوا میں موجود ہیں، دشمن مذموم مقاصد کےلئے گھات لگائے بیٹھا ، دوست نما دشمنوں کا باہر بیٹھ کرمہم چلانابڑا خطرہ ہے، اسلام آباد پر یلغار چڑھائی ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، ڈیجیٹل محاذ پرپاکستان کےخلاف زہراگلا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر حقائق کو مسخ کرکے پروپیگنڈا کیاجاتا ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے کہاسرحد پار سے پاکستان کےخلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں، سرحدپارسے ہونےوالی کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیااور دیں گے، پاکستان کے اندردشمنوں کے سہولت کار موجود ہیں، دشمن کے سہولت کارپاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں، خیبرپختونخوا ، بلوچستان میں دشمن نقصان پہنچانے کیلئے کارروائیوں میں مصروف ہے، معلوم ہے ملک دشمنوں کو کون کون سے ممالک سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن قومی مفاد سپریم ہے، صوبوں کےساتھ ملکرامن امان کی صورتحال کوبہتربنایا جائےگا،جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

وزیراعظم نے کہاصوبوں میں سی ٹی ڈی کومضبوط کیا جارہا ہے ، پنجاب سب سے آگے ہے،پولیس کوجدید تربیت ، ٹیکنالوجی ، آلات سے لیس ، میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی،ملکی ترقی وخوشحالی کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب سب ملکرچاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنائیں،فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا، وفاق، صوبوں ودفاعی اداروں کو مل کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کےلئے بطور وزیراعظم میری کوئی پسند یا نا پسند نہیں ، قومی مفاد سب سے بڑھ کرہے اورمجھے یقین ہے تمام شرکا کی یہی سوچ ہے اگرسوچ کو عملی جامہ پہنایا جائے تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی۔

شہبازشریف نے کہا جھوٹ وحقائق کومسخ کرکے پاکستان کےخلاف ماحول بنایا جارہا ہے،جھوٹ کا طوفان نہ روکا تو تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی، اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران رینجرز کے شہید جوانوں کے معاملے پر جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں،پاکستان قربانیوں کی بدولت قائم ودائم رہے گا،مل کرفتنے کا خاتمہ کریں گے۔