سانحہ 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاوں میں معافی کا اعلان

راولپنڈی (مشرق نیوز) سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزاوں میں معافی کا اعلان کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سانحہ 9 مئی کے مجرموں کی سزاوں پر عمل درآمد کے دوران مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں ، مجموعی طورپر67 مجرمان نے رحم کی اپیلیں دائر کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا ، دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مجرموں کوضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے، دیگر تمام مجرموں کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سزاوں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے ، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ، اس سے قبل اپریل 2024 میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرموں کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔