ن لیگ ، تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں: حسن مرتضیٰ

لاہور: (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے ن لیگ اور تحریک انصاف کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا یہی سیاست ن لیگ ہمارے خلاف کرتی تھی آج وہی سیاست ن لیگ اور تحریک انصاف ایک دوسرے کےخلاف کررہی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کامیاب دورہ گڑھی خدا بخش پر سینٹرل پنجاب کی قیادتیں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کارکن اپنی جیب سے ٹرین کے اخراجات برداشت کررہے ہیں ، چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کردیا ہے ملک میں کوئی آدمی نشانہ نہیں ہے،نشانہ صرف ہمارا ایٹمی پروگرام ہے،جن قوتوں نے ایٹمی پروگرام کو رول بیک کا کہا تھا آج پھر وہی قوتیں کوششیں کررہی ہیں،کسی فتنے کو ہم نے پنپنے نہیں دینا جو اس ملک کے میزائل اور ایٹمی پروگرام کےخلاف ہو، جن لوگوں نے ایٹمی پروگرام پر حملے کیے سب کے خلاف غداری کے مقدمات ہونے چاہئیں ،پیپلز پارٹی ان چیزوں کا تحفظ کرے گی اور جدوجہد کرے گی۔