دختر مشرق بےنظیر بھٹو شہید کو بچھڑے 17سال بیت گئے

کراچی :(بیورورپورٹ)دختر مشرق، سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹوکی شہادت کو 17 سال گزر گئے،پیپلز پارٹی کم و بیش 3 بار اقتدار میں رہی مگر قتل کا پورا سچ عوام تک نہیں پہنچ سکا۔

قتل کا الزام القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن ، پرویز مشرف ، تحریک طالبان کے بانی سربراہ بیت محسود ، پولیس کے 2 افسروںؒ سعود عزیز اور خرم شہزاد سمیت کم و بیش 15 افراد پر لگا، راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 2 پولیس افسروں کو جائے وقوعہ دھونے اور بےنظیر کو تحفظ دینے میں ناکامی پر 17،17 سال قید کی سزائیں سنائیں،زیر حراست 5 ملزموں کو کم و بیش 300 سماعتوں کے بعد 31 اگست 2017 کو بری کردیا گیا۔

بےنظیر کیس کی سکاٹ لینڈ یارڈ اور یو این کمیشن نے بھی تحقیقات کیں، یواین کمیشن کی رپورٹ میں کچھ فوجی افسروں پر بھی انگلیاں اٹھائی گئیں مگر پیپلز پارٹی حکومت نے اپنی ہی انکوائری کمیٹی بنا کر رپورٹ کو مسترد کردیا،کیس عملی طور پر بند ہو چکا ، دونوں پولیس افسروں کی سزاوں کے خلاف اپیلیں زیر التوا ہیں۔