اسلام آباد :(بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کردیا، ریونیو اہداف کے حصول کےلئے کوشاں ہیں، جدید دور میں شفافیت کےلئے ڈیجیٹائزیشن کی بہت اہمیت ہے،مسابقتی کمیشن کو مزید بہتر بنانا ہے، آئی ایم ایف کےساتھ پروگرام کامیابی سے مکمل کریں گے،ٹیکس ٹو جی ڈی پی 13 فیصد تک لے جائینگے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا ٹیکس پیئرز کو تنگ نہیں کیا جائے گا،ڈیجیٹلائزیشن لاکر انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے جارہے ہیں،نظام میں انسانی مداخلت میں کمی کا مطلب کرپشن میں کمی ہے،دیانتداری سے ٹیکس دینے والوں کو مزید بوجھ سے بچانے پر توجہ دے رہے ہیں، ٹیکس گیپ اور لیکیجز کو روکنے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ عام آدمی پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
وزیرخزانہ نے کہا ریونیو بڑھانے کیلئے کلیدی اقدامات کیے جائیں گے،شوگر ، بیوریجز اور سیمنٹ سیکٹر کی ویلیو چین کو دیکھ رہے ہیں،عارضی مسائل فکس کرنے کی کوشش کریں گے،آئی ایم ایف کےساتھ پروگرام کامیابی سے مکمل کریں گے،آئی ایم ایف کو کوئی سرپرائز دینے کا قائل نہیں ہوں۔
وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک نے کہا مالی خسارے کو کنٹرول کرنے کےلئے وزیر اعظم کی سربراہی میں گورننس کا معیار بہتر کیا گیا، مہنگائی میں ساڑھے 6 سال کی تاریخی کمی آچکی ،ٹیکس کے وسائل کو مناسب حد تک بڑھانا ہے،عام آدمی پر سب سے بڑا ٹیکس مہنگائی ہے اگر بیماری پر قابو پانا ہے تو خساروں پر قابو پانا ہوگا،ٹیکسوں کا بوجھ ہر طبقے کو منصفانہ طور پر اٹھانا چاہیے،مہنگائی پر قابو پانے کےلئے خساروں پر کنٹرول کرنا ہوگا، مہنگائی اب کنٹرول میں آچکی ،اثرات عام عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے،ایک لاکھ 90 ہزار لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں ہونا چاہیے، ریگولر ڈیٹا ایکسچینج ہوتا رہے گا،وزیراعظم کی ہدایت پر ہوم گراونڈ اصلاحات کا پلان تیار ہورہا ہے جلداعلان کردیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا فوکس ٹاپ 5 فیصد لوگ ہیں، ایک لاکھ 69 ہزار مالدار افراد کو نوٹسز جاری کردئیے،38 ہزار افراد نے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دئیے ،شوگر انڈسٹری کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، سب کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی، نان فائلر کی کییٹگری ہی ختم کردی ، 800 سی سی کار کےلئے فائلر ہونا ضروری نہیں، موٹرسائیکل خریدلیں، فائلر بننے کی ضرورت نہیں۔
ایک لاکھ 90 ہزار افراد کو نوٹس،ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی کااعلان

















