آئینی بنچ کی مدت میں 6 ماہ توسیع،رولز منظور،کچھ میں معمولی تبدیلی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ کی مدت میں 6 ماہ توسیع،رولز منظور،کچھ میں معمولی تبدیلی کردی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں آئینی بنچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ 7، 6 کے تناسب سے ہوا، 7 ممبران نے آئینی بنچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بنچمیں شامل کرنے کی تجویز دی۔

ذرائع کے مطابق نئے ایڈیشنل ججز کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط نکال دی گئی، کسی امیدوار کی انٹیلی جنس رپورٹ لینا نہ لینا کمیشن کی صوابدید ہوا کرے گا،حتمی ڈرافٹ کے مطابق ہائیکورٹ چیف جسٹس کیلئے 3 نام زیر غور آیا کریں گے اور سینئرجج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی جبکہ سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی کیلئے ہائیکورٹ سے 5 نام آیا کریں گے، جوڈیشل کمیشن نے نئے رولز کے تحت ایڈیشنل ججز کیلئے نامزدگیاں 3 جنوری تک طلب کرلیں، ایڈیشنل ججز کیلئے نامزدگیاں متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے ذریعے بھیجی جائیں گی اور ایڈیشنل ججز کیلئے پہلے سے بھیجے گئے نام متفقہ طور پر واپس لے لیے گئے۔