کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، مذاکرات کے معاملے پر حکومت کا رویہ بچگانہ ہے: کے پی حکومت

پشاور (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے مذاکرات کے معاملے پر حکومت کے رویے کو بچگانہ قرار دےدیا،ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہاا گر مذاکراتی کمیٹی نہ بنتی تو سول نافرمانی کی تحریک شروع ہو چکی ہوتی ، تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے بانی پی ٹی آئی سے درخواست کی اتنا بڑا فیصلہ لینے سے پہلے حکومت سے مذاکرات کا موقع دیا جائے،ہمیں امید تھی حکومت مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے گی اور اپوزیشن کو انگیج کر لے گی لیکن بدقسمتی سے حکومت کا رویہ انتہائی بچگانہ ہے، حکومت شاید سمجھ رہی ہے تحریک انصاف کمزور پڑ گئی ہے اس لیے مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں،شوکت یوسفزئی نے کہا ہم سارے پاکستانی ہیں ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، مذاکرات کی وجہ سے سول نافرمانی کی تحریک کی تاریخ فائنل نہیں ہوئی تھی، اب اگر مذاکرات نہیں ہوتے تو شاید بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کسی نئے لائحہ عمل کا اعلان ہو جائے، اگر اس سے پاکستان کا کوئی نقصان ہوگا تو تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ادھر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کیلئے ایک دن کا وقت مانگا ہے، جرگہ ٹوٹنے کی خبریں بے بنیاد ہیں ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہے، امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈہ سے اجتناب کیا جائے، ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ جمع کرنے کے حوالے سے مشاورت کیلئے کیا گیا تھا، بنکرز واسلحہ حوالگی کے حوالے سے اپنے بڑوں سے مشاورت کیلئے گرینڈ جرگہ سے ایک دن کا وقت مانگا گیا تھا، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے، حکومت علاقے میں مستقل امن چاہتی ہے، بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحہ سے پاک کرانا لازمی ہے، حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث علاقے میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے،بیرسٹر سیف نے کہا وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے،کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے اس کے مستقل خاتمے میں وقت لگ سکتا ہے، وزیراعلیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے صدیوں پرانے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، امید ہے چند دنوں میں مسئلہ ختم ہو جائے گا اور علاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔